بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

شوہر بدتمیز ہو اور طلاق دے چکا ہو


سوال

میرے شوہر نے غصے میں 22 فروری کو مجھے ایک طلاق دی۔ میں 8 ماہ سے اپنے والدین کے گھر رہ رہی ہوں۔ پہلی طلاق کے ایک ہفتے بعد وہ واپس آنے کا بول رہے ہیں اور ہم 15 دن بعد ملے بھی تھے۔ میرے گھر والے نہیں چاہتے کہ میں وہاں جاؤں؛ کیوں کہ  وہ لوگ میری اور میرے گھر والوں کی بد تمیزی کرتے ہیں۔ آپ مجھے بتائیں میں کیا کروں؟ میں رشتہ ختم نہیں کرنا چاہتی تھی۔

جواب

ایک طلاقِ رجعی کے بعد عدت یعنی تین ماہواریاں گزرنے سے پہلے رجوع کیاجاسکتاہے،اگر مرد اپنی بیوی سے رجوع کرنا چاہے تو زبان سے کہہ دے کہ میں نے رجوع کرلیا،اس سے قولی طور پر رجوع ہوجائے گا،اور اگر زبان سے کچھ نہ کہے، بلکہ بیوی سے تعلق قائم کرلے یاخواہش و رغبت سے اسے چھوئے یابوسہ لے لے اس سے بھی رجوع ہوجائے گا۔حاصل یہ ہے کہ قولاً یاعملاً رجوع کرلیناکافی ہے۔

صورتِ مسئولہ میں اگر طلاق کے 15 دن بعد ملاقات میں رجوع ہوگیا تھا تو آپ کا نکاح برقرار ہے اور شوہر کو آئندہ دو طلاقوں کا اختیار ہے۔ اور رجوع نہ ہونے کی صورت میں عدت ختم ہونے کے بعد آپ کا نکاح ختم ہوچکا ہے، دوبارہ ساتھ رہنے کے لیے شرعی گواہوں کی موجودگی میں نئے مہر کے تقرر کے ساتھ تجدیدِ نکاح ضروری ہے۔

نیز دونوں کے بڑوں یا علاقہ کے نیک اور سمجھ دار لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر دونوں طرف سے جو کمی کوتاہیوں ہوں، ان کو ختم کرنے کی کوشش کریں، اگرایسا کرنا ممکن ہو، تو دوبارہ ساتھ رہنا ہی بہتر ہے، خصوصًا جب آپ نباہ چاہتی ہیں تو بڑوں کو بات بگاڑنے کے بجائے رشتہ بحال رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108201348

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں