بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اہلِ تشییع کے عقائد رکھنے والے لڑکے سے سنی لڑکی کا شادی کرنا


سوال

 میری ہم شیرہ  کی ابھی کچھ دن پہلے شادی ہوئی ہے، جس لڑکے سے ہوئی ہے اس کے اور اس کی فیملی کے بارے میں لوگ کہتے ہیں کہ یہ اہلِ تشیع ہیں،  ان کے  والد صاحب بھی شیعہ تھے،  وہ اب اس دنیا میں نہیں ہیں۔ اب ان کی اولاد کہتی ہے کہ ہم سنی ہیں۔ لیکن:

1: لڑکا اوراس کی فیملی امام بارگاہ میں بھی جاتے ہیں۔ ( رہتے  سیالکوٹ میں ہیں، لیکن امام بارگاہ بلوچستان جاتے ہیں۔)

2:ماتم کو بھی مانتے ہیں۔

3: کہتے ہیں کہ نعوذ  باللہ حضرت محمد صل اللہ علیہ السلام نے بھی ماتم کیا تھا،  جب حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ شہید ہوئے تھے۔

4: اور نعوذ  باللہ  حضرت  عائشہ رضی اللہ عنہا نے بھی اپنے چہرے مبارک پر ماتم کیا تھا۔

5:حضرت علی رضی اللہ عنہ کو سب سے افضل سمجھتے ہیں۔

 کافی عقائد شیعہ والے ہیں۔

6:نعوذ باللہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کو برا بھلا کہتے ہیں اور حضرت ابو سفیان کو بھی، نعوذ باللہ!

7: منگنی میں بھی انہوں نے کچھ  رسمیں شیعہ والی  کی تھیں۔

8:لڑکا کہتا ہے  کہ میں بندہ علی  ہوں۔

9: لڑکا خود شیعہ ذاکر  کو سنتا ہے۔

10: نماز ہماری طرح پڑھتے ہیں۔  ( لیکن اب ہمیں پتا چلا ہے کہ یہ تقیہ کرتے ہیں۔)

11: لڑکے سے تقیہ کے بارے میں پوچھا ہے کہ کیا جائز ہے ؟ تو کوئی جواب نہیں دیا۔

 12: جب رشتہ ہو رہا تھا تو لڑکے نے قرآنِ  پاک پر  ہاتھ  رکھا تھا کہ میں شیعہ نہیں ہوں، لیکن اب اس کی فیس بک پر پوسٹ  جو  ہیں وہ  ساری شیعہ والی ہیں۔

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو نعوذبااللہ گالیاں دینا ( لڑکی کہتی ہے کہ شادی سے پہلے نعوذ باللہ  یہ لڑکا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو بھی گالیاں دیتا تھا۔)

14 ۔ معصومین کو بھی مانتا ہے۔ 

15:بلوچستان میں امام بارگاہ بھی انہیں فیملی کے زیر اہتمام ہے، و ہی اس کو دیکھتے  ہیں۔

جب پوچھا کہ یہ سب کیوں کرتے ہو تو کہتے ہیں کہ اپنے والد صاحب کی وجہ سے کیوں کہ وہ اہلِ تشیع تھے اس لیے، لیکن وہ فوت ہوگئے ہیں۔  اب شادی کے بعد ہم نے لڑکی کو کہا ہے کہ لڑکے سے کچھ باتوں کی معلومات لو، جیسا کہ لڑکا کہتا ہے کہ( میں بندہ علی ہوں) اس کا کیا مطلب ہے؟  اور بھی بہت سی باتیں ہیں، لیکن اب لڑکی کچھ پوچھتی نہیں ہے۔ گھر میں بھی وہ صحیح بات نہیں کرتی۔

تو کیا یہ عقائد شیعہ والے ہیں؟ لڑکا شیعہ ہے ؟ اگر شیعہ ہے تو نکاح ہوا ہے یا نہیں؟

جواب

ذکر کردہ عقائد اہلِ سنت کے نہیں ، بلکہ اہلِ  تشیع کے ہیں ، شیعہ اور سنی فرقوں کے درمیان کئی امور  اختلافی ہیں ، جن میں سے تحریفِ قرآن ، حضرت  عائشہ صدیقہ  رضی اللہ عنہا  پر تہمت اور  منصبِ امامت کو منصبِ نبوت کی طرح تشریعی منصب کا اعتقاد کرنا  (وغیرہ)، اسلامی عقیدے کے  منافی ہے، جس کی وجہ سے  شیعہ اور سنی لوگوں کے کے باہمی نکاح کی شرعاً ممانعت ہے۔

لہٰذا اگر شادی سے پہلے ہی اس لڑکے کے مذکورہ عقائد تھے تو آپ کی ہم شیرہ  کا نکاح ہوا ہی نہیں اور اگر شادی سے پہلے تو اس کے عقائد درست تھے ، لیکن شادی کے بعد عقائد تبدیل ہوگئے تو یہ نکاح ٹوٹ گیا ، اب  لڑکی کے  لیے ضروری ہے کہ وہ فوراً اس لڑکے سے علیحدگی اختیار کرے اور جو وقت اس حال میں  ساتھ گزرا اس پر توبہ و استغفار کرے ۔ فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144209200920

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں