بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

شاذلی سلسلے کے وظائف پڑھنا


سوال

میرے ساتھ روحانی مسائل ہیں، میں  ایک صاحب کے پاس گیا، جو شاذلی سلسلے کے ہیں ،انہوں نے تعویذ وغیرہ دیے اور  "فیوض النور"  نامی کتاب دی ،جس میں ہفتے ہفتے کا چلا ہوتا ہے، مجھے وہ پڑھنے کو دی، جس میں بسم اللّٰہ 12000 مرتبہ پڑھنا ہے پہلے ہفتے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کے ساتھ نسبت کا مسئلہ ہے، میری  راہ نمائی فرمائیں۔

جواب

’’سلسلہ شاذلیہ‘‘  ساتویں صدی عیسوی کے بزرگ ابوالحسن علی شاذلی بن عبد  اللہ شریف حسینی المغربی رحمہ اللہ کی طرف منسوب ہے،  نسباً ساداتِ بنی حسن میں سے ہیں،  لیکن ہمارے ہاں اس کا سلسلہ محفوظ نہیں رہا، ہمارے بلاد میں بہتر یہ ہے کہ جو سلاسلِ اربعہ (نقشبندیہ، قادریہ، چشتیہ، سہروردیہ) مستند و معتمد ہیں، ان سلاسل کے کسی مستند صاحبِ نسبت سے اصلاحی تعلق قائم کیا جائے، اور اگر کسی کے ہاں سلسلۂ شاذلیہ محفوظ ہو (جیساکہ عرب ممالک اور ترکی کے حوالے سے تحقیق سے معلوم ہواکہ وہاں یہ سلسلہ باقی ہے) تو ان سے بھی اصلاحی تعلق قائم کرنا اور وظیفہ لینا درست ہو گا۔

باقی جو وظائف اورادِ مسنونہ یا ادعیہ ماثورہ پر مشتمل ہوں ان کو پڑھنے میں کوئی حرج نہیں۔ 

"فیوض النور" نامی کتاب ہمیں دستیاب نہ ہوسکی، اگر یہ کتاب ارسال کردی جائے تو اس کا جائزہ لے کر اس  میں درج وظائف کے  پڑھنے کا حکم بتایا جاسکتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اپنے اعمال کا محاسبہ کیجیے، اگر نمازوں کی پابندی نہیں ہے تو پنج وقتہ نماز کا اہتمام کیجیے، سورہ واقعہ اور سورہ طارق فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ پڑھنےکا اہتمام کریں،  استغفارکی کثرت کریں،   نمازوں کے بعد دعائیں بھی کیجیے اور حسبِ توفیق صدقہ دیا کیجیے۔

نیز مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں ۔

’’حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ‘‘.

حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔

سنن ابی داؤد ميں ہے:

"عن أبي الدرداء رضي الله عنه، قال: «من قال إذا أصبح وإذا أمسى، ‌حسبي ‌الله لا إله إلا هو، عليه توكلت وهو رب العرش العظيم، سبع مرات، كفاه الله ما أهمه صادقا كان بها أو كاذبا۔"

(ابواب النوم، جلد:4، صفحه: 321، طبع: المكتبۃ العصریۃ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144402100637

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں