بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

شرم گاہ کو ہاتھ لگانے سے وضو کا حکم


سوال

کیا شرم گا ہ کو ہاتھ لگانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟ مزید  یہ کہ کیا وضو  میں اعضاء دھونے  کے لیے ترتیب فرض اور ضروری ہے؟

جواب

غسل کے دوران  یا غسل کرنے کے بعد شرم گاہ کو ہاتھ  لگ جانے  یا شرم گاہ  کو بغیر حائل کے چھونے سے وضو نہیں ٹوٹتا۔ حدیثِ مبارک  میں آتا ہے کہ  ایک آدمی نے نبی ﷺ سے پوچھا کہ کیا ہم میں سے اگر کوئی شخص نماز میں اپنی شرم گاہ کو چھو لے تو وضو کرے؟ تو  نبی ﷺ نے فرمایا:  شرم گاہ بھی تمہارے جسم کا ایک حصہ ہی ہے۔ البتہ بغیر حائل شرم گاہ چھولینے کے بعد ہاتھوں کا دھو لینا مستحب ہے، جیساکہ فقہاء نے ذکر کیاہے۔

وضو میں اعضاء کو ترتیب سے دھونا فرض نہیں، سنت ہے۔

 وضو کی   سنتیں یہ ہیں :

1- نیت کرنا ۔

2- بسم اللّٰہ سے وضو شروع کرنا۔

3- دونوں ہاتھوں کو گٹوں تک تین تین بار دھونا۔ پہلے دایاں اور پھر بایاں ہاتھ دھونا۔

4- دانتوں میں مسواک کرنا۔ (کم سے کم تین بار دائیں بائیں اوپر نیچے کے دانتوں پر)

5- داہنے ہاتھ سے پانی لے کر تین بار کلی  کرنا۔ (روزہ دار نہ ہو تو  غرارہ بھی کریں)

6- داہنے ہاتھ سے تین بار ناک میں پانی چڑھانا۔

7- بائیں ہاتھ سے ناک صاف کرنا۔

8- داڑھی کا خلال کرنا۔ یعنی انگلیوں کو گلے کی طرف سے داڑھی میں ڈال کر ایسے پھیرنا جیسے کنگھا کرتے ہیں۔

9- ہاتھ پاؤں کی انگلیوں کا خلال کرنا۔

10- وضو میں دھلنے والے ہر حِصّے کو تین بار دھونا۔

11- پورے سر کا مسح کرنا۔

12- کانوں کا مسح کرنا۔

13- ترتیب سے وضو کرنا۔

14- داڑھی کے جو بال منہ  کے دائرے سے باہر ہیں ان کا مسح کرنا۔

15-وضو میں دھلنے والے حصوں کو پے در پے دھونا یعنی ایک حِصّے کے سوکھنے سے پہلے دوسرے کو دھونا۔ 

مسند أحمد میں ہے:

"عن قيس بن طلق، عن أبيه قال: سأل رجل رسول الله صلى الله عليه وسلم أيتوضأ أحدنا إذا مس ذكره؟ قال: «إنما هو بضعة منك أو جسدك»".

(مسند أحمد مخرجًا (26/ 214)

الفتاوى الهندية (1/ 13):

"مس ذكره ... ليس بحدث عندنا. كذا في الزاد".

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144212202285

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں