بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

شادی میں لڑکی والوں کی طرف سے کھانے کی دعوت کا حکم


سوال

1۔  آج کل شادی میں ، خاص طور پر لڑکی کی شادی میں خصوصاً دعوت کا اہتمام ہوتا ہے، لڑکی والوں کے طرف سے ، کیا ان شادی میں شرکت کر سکتے ہیں اور کھانا کھا سکتے ہیں؟ جب کہ ہمیں پتہ ہے آج کل لڑکی کی شادی کرنا کتنا دشوار ہے ؟

2۔  میں ایک مسجد میں امامت کرتا ہوں اور دینی اعتبار سے حالت بہت خستہ ہے،  اسی لیے میں مستورات میں کئی جگہ با قاعدہ پردہ کا انتظام کراکے بیان کرتا ہوں، کیا میرا یہ عمل درست ہے، اگر نہیں تو کیوں نہیں ہے ؟

جواب

1۔  نکاح کے موقع پر لڑکی والوں کی طرف سے کھانے کا انتظام کرنا  ولیمہ کی طرح سنت نہیں  ہے، ہاں اگر کوئی نمود ونمائش سے بچتے ہوئے،  کسی قسم کے زبردستی اور خاندانی دباؤ کے بغیر اپنی خوشی ورضا  سے اپنے اعزاء اور مہمانوں کوکھانا کھلائے تو  یہ مہمانوں کا اکرام ہے، اور اس طرح کی دعوت کا کھانا کھانا بارات والوں کے لیے جائز ہے، اور اگر  لڑکی والے   خوشی سے نہ کھلائیں تو زبردستی کرکے کھانا کھانا جائز نہیں ہوگا۔

صحیح بخاری میں ہے:

"وقال أنس: «إذا دخلت على مسلم لايتهم، فكل من طعامه واشرب من شرابه»".

(7/ 82،  کتاب الأطعمة، باب  الرجل يدعى إلى طعام ، ط: دار طوق النجاة)

صحیح  مسلم میں ہے:

" عن جابر، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «إذا دعي أحدكم إلى طعام، فليجب، فإن شاء طعم، وإن شاء ترك»".

(2/ 1054، کتاب الحج، باب  زواج زینب بنت جحش، برقم: 1430، ط:دار احیاء التراث)

وفیہ أیضاً:

"عن نافع، قال: سمعت عبد الله بن عمر، يقول: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «أجيبوا هذه الدعوة إذا دعيتم لها»، قال: «وكان عبد الله بن عمر يأتي الدعوة في العرس، وغير العرس، ويأتيها وهو صائم»".

(2/ 1053، کتاب الحج، باب  زواج زینب بنت جحش، برقم: 1430، ط:دار احیاء التراث)

2۔اگر  باپردہ  جگہ پر  علاقے کے ہی کسی گھر میں بیان کیا جائے،  جہاں عورتیں موجود ہوں تو شرعًا  اس  طرح  دینی بیان کرنے کی گنجائش ہے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144401100968

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں