بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

26 شوال 1445ھ 05 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

شادی کے موقع پر سسرال کی طرف سے دلہن کو ملنے والے زیورات کا حکم


سوال

میری بیٹی کی شادی چند سال قبل ایک لڑکے سے ہوئی تھی، چند سالوں کے بعد اس نے ایک طلاق رجعی دے دی ، اور اس طلاق رجعی کے بعد رجوع بھی نہیں کیا، یہاں تک کہ لڑکی کی عدت گزرچکی ہے۔

لڑکی کو شادی کے موقع پر سسرال کی جانب سے کچھ زیورات دیے گئے تھے، ان سے متعلق دریافت کرنا مقصود ہے ۔ لڑکے نے طلاق تحریری طور پر دی ہے اور طلاق نامہ میں لکھا ہے کہ :

’’شادی /جہیز کا سامان اور باقی جو لین دین ہوا تھا اور لڑکی جو اپنے ساتھ لائی تھی وہ میں اسے واپس کررہا ہوں ،طلاق کے بعد لڑکی کے گھر والوں کی جانب سے کسی قسم کا کوئی دعویٰ یا کیس نہیں کرسکیں گے ۔اور اسی طرح لڑکے یعنی میری جانب سے بھی لڑکی والوں پر کسی قسم کا کوئی دعویٰ یا کیس نہیں ہوگا‘‘۔

پھر ابھی چند روز قبل میں نے ایک صاحب کے توسط سے ان سے رابطہ کیا کہ اگر لین دین سے متعلق کوئی بات ہوتو کمیونٹی میں بیٹھ جائیں ۔تو لڑکے نے جواب دیا کہ :آپ اپنا سامان اٹھالیں ، ہماری طرف سے اب کوئی مطالبہ نہیں ہے ، جو لڑکی کا ہے وہ لڑکی کا ہے ، ہمیں اب کوئی دعویٰ ، مطالبہ نہیں کرنا۔

دونوں فریق اس پر متفق ہیں کہ جو بھی آپس میں لین دین ہوا اب کسی بھی قسم کا کوئی مطالبہ باقی نہیں ہے ۔

اس صورت حال میں اب ان زیورات کا شرعاً کیا حکم ہوگا ؟

جواب

 جب دونوں فریق اس پر متفق ہیں کہ ’’جو بھی آپس میں لین دین ہوا اب کسی بھی قسم کا کوئی مطالبہ باقی نہیں ہے‘‘تو ایسی صورت میں لڑکی زیورات اپنے پاس رکھ سکتی ہے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"قلت: ومن ذلك ما يبعثه إليها قبل الزفاف في الأعياد والمواسم من نحو ثياب وحلي، وكذا ما يعطيها من ذلك أو من دراهم أو دنانير صبيحة ليلة العرس ويسمى في العرف صبحة، فإن كل ذلك تعورف في زماننا كونه هدية لا من المهر، ولا سيما المسمى صبحة، فإن الزوجة تعوضه عنها ثيابها ونحوها صبيحة العرس أيضاً."

(3/ 153،  کتاب النکاح، باب المهر، ط: سعید)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144409101464

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں