بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

شادی کے لیے وظیفہ


سوال

میری عمر 26 سال ہےمیرا کزن مجھے پسند کرتا تھا،  میرے والدین نے کسی وجہ سےاس سے رشتہ نہیں دیا اور انکار کر دیا تھاتو اس  نے کہا تھا کہ میں بندش کرونگا اس کی شادی نہیں ہوگی ،میرے والد کا انتقال ہو گیا ہے ،نہ کوئی رشتہ آ رہا ہے اور نہ شادی ،مہربانی کر کے مجھے کوئی وظیفہ بتائیں جس بندش بھی ختم ہو اور میری شادی بھی ہو جائے ۔

جواب

اچھے اور مناسب رشتہ کے لیے صدقِ دل سے نمازوں کے بعداورتہجد و غروب کے وقت دعا مانگیں، اور صلاۃ الحاجت کا اہتمام کریں، نیز مندرجہ ذیل معمولات میں سے کوئی ایک یا سب اختیار کرسکتے ہیں:

{رَبِّ إِنِّي لِمَاأَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ} کا کثرت سے ورد کریں۔

2۔نمازِ عشاء  کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ "یاَلَطِیْفُ"پڑھ کراللہ تعالیٰ سے دعاکرنا بھی مجرب ہے۔

3۔نمازِ عشاء کے بعد تنہائی میں دو رکعت صلاۃ الحاجت پڑھ کر اُس کے بعد اول وآخر 7 دفعہ درود شریف اور درمیان میں"یَابَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیِْر یَا بَدِیْعُ"101 مرتبہ پڑھ کر اللہ تعالٰی سے دعا کیاکریں۔

4۔روزانہ سورۂ "یسن" کی تلاوت کر نے  کے بعد اللہ تعالٰی سے یقین کے ساتھ دعاء کیا کریں۔

5۔ فجر اور مغرب کی نمازوں کے بعد ایک ایک مرتبہ سورۃ واقعہ اور سورۃ طارق پڑھنے کا معمول بنائیں۔

کنز العمال میں ہے:

"اقرأوا "يس"؛ فإن فيها عشر بركات ما قرأها جائع إلا شبع وما قرأها عار إلا اكتسى وما قرأها أعزب إلا تزوج وما قرأها خائف إلا أمن وما قرأها محزون إلا فرح وما قرأها مسافر إلا أعين على سفره وما قرأها رجل ضلت له ضالة إلا وجدها وما قرئت على ميت إلا خفف عنه وما قرأها عطشان إلا روی وما قرأها مريض إلا برء."

(الباب السابع في تلاوة القرآن وفضائله، الفصل الثاني في فضائل السور، ج: ۱، صفحہ: ۵۸۹ و۵۹۰، ط: مؤسسة الرسالة)

آپ کے مسائل اور اُن کا حل میں ہے:

سوال: میں ایک بیوہ عورت ہوں، میری ایک بیٹی ہے، جس کا رشتہ کافی سالوں کی کوشش کے باوجود نہیں ہورہا ہے، میری خواہش ہے کہ اس کا رشتہ کسی صالح اور دین گھرانے میں ہوجائے، اُس کے لیے کوئی وظیفہ ارشاد فرمائیں۔۔۔۔۔

جواب: دل سے دعا کرتا ہوں، نماز عشاء کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں گیارہ سو مرتبہ "یاَلَطِیْفُ" پڑھ کر اللہ تعالٰی سے دعا کریں، اللہ رب العزت آپ کی مشکل کو آسان فرمائے۔

(اوراد و وظائف، عنوان: رشتہ کے لیے وظیفہ،ج: ۴، صفحہ: ۲۱، ط:  مکتبہ لدھیانوی)

فتاوی محمودیہ میں ہے:

الجواب حامدًا ومصلیًا: معین کو بتادیں کہ وہ بعد عشاء تنہائی میں دو رکعت نمازِ حاجت پڑھ کر "یَابَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیِْر یَا بَدِیْعُ" 101 دفعہ ، اول آخر درود شریف 7 دفعہ پڑھ کر دعاء کیا کریں، حق تعالٰی کا میاب فرمائے۔فقط واللہ اعلم"

( کتاب الحظر والا باحۃ، باب مایتعلق بالسحرۃ والعوذۃ، الفصل الثالث فی العملیات والوظائف والاوراد،ج: ۲۰ صفحہ: ۸۹ و۹۰، ط: ادارہ الفاروق)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144507100866

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں