بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

شادی کے لیے وظیفہ


سوال

میری  خواہش ہے کہ میں بیرون ملک سفر کروں اور دنیا کے ملک دیکھ سکوں اور وہاں رہ سکوں ،  میں چاہتا ہوں کہ الله میرے سفر کرنے میں برکت عطا کریں؛  کیوں کہ مجھے بیرونِ  ملک سفر کرنے کا بہت شوق ہے ، کوئی ایسا عمل بتائیں  جس سے میری یہ دعا قبول ہو جائے  چاہے وہ بیرون ملک کسی لڑکی سے شادی کی صورت میں ہی کیوں نہ ہو،  کوئی عمل بتائیں  جس سے میری بیرون ملک جانے کی دعا قبول ہو جائے !

جواب

صورتِ  مسئولہ میں موجود نعمتوں  پر شکر کی عادت ڈالیں، اور اللہ سے خیر کا سوال کرتے رہیں،  مقدر میں ہوگا، تو اللہ اسباب بنا دے گا،  نیز دنیا کا نظام اللہ تعالیٰ نے اسباب سے جوڑا ہے،اور ہم بحیثیت مسلمان جائز اسباب اختیار کرنے  کے پابند ہیں، لہٰذا جائز حدود میں رہ کر حلال آمدن کے اسباب اختیار کریں، اور کارِ خیر میں خرچ کرنے کے ساتھ ساتھ نیک مقاصد کے لیے حلال رزق جمع کرسکتے ہیں، یہ ممنوع نہیں ہے، اس لیے کچھ بچت بھی کریں اور  قریب میں کسی متبعِ سنت عالم سے تعلق رکھیے، انہیں اپنے احوال بتاکر ان کے مشورے سے سفر کیجیے۔ سفر میں صرف دنیاوی اغراض پیشِ نظرنہیں ہونے چاہییں خواہ جائز مقاصد ہوں،  بلکہ نیک مقاصد بھی شامل کرنے  چاہییں، اس سے سفر  کار آمد ہوجائے گا۔  

تاہم اس خواہش  کے حصول کے لیے  اپنے حال کو خراب نہ کریں،  دل تنگ رکھنا، اسباب نہ ہونے  پر خفا رہنا، عملی نا شکری میں داخل ہے۔

1- ہر فرض نماز کے بعد یہ کلمات تین مرتبہ پڑھ لیا کریں:

"اَللّٰهُمَّ اٰتِنِيْ صَالِحَ مَا تُؤْتِيْ عِبَادَكَ الصَّالِحَيْنَ ."

اگر آپ کے لیے فائدہ ہوگا تو اللہ تعالیٰ اسباب مہیا کردیں گے۔ 

2- شادی کے  لیے درج ذیل عمل کریں:

نمازعشاء کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ  ’’یاَلَطِیْفُ‘‘  پڑھ کراللہ تعالیٰ دعاکریں۔

(آپ کے مسائل اور ان کا حل4/251،مکتبہ لدھیانوی) 

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200509

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں