اگر کوئی شخص سعودی عرب سے روزہ رکھ کر پاکستان کا سفر کرے جو مشرقی سمت بنتا ہے تو وہ پاکستان پہنچ کر کس ٹائم روزہ افطار کرے؟
واضح رہے کہ روزہ افطار کرنے کا وقت سورج غروب ہونے کے بعد ہے، لہذا صورت مسئولہ میں مذکورہ شخص سعودی عرب سے مشرق کی سمت میں سفر کرنے کے بعد جب پاکستان پہنچے گا تو پاکستانی وقت کے اعتبار سے روزہ افطار کرے گا اور اس صورت میں اس شخص کا روزہ قدرے مختصر ہو جائے گا، تاہم اگر دوران سفر ہوائی جہاز ہی میں غروب شمس ہو جائے تو سفر میں افطار کرے۔
صحیح بخاری میں ہے:
"حدثنا الحميدي : حدثنا سفيان : حدثنا هشام بن عروة قال: سمعت أبي يقول: سمعت عاصم بن عمر بن الخطاب ، عن أبيه رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: إذا أقبل الليل من هاهنا، وأدبر النهار من هاهنا، وغربت الشمس، فقد أفطر الصائم".
(كتاب الصوم، باب: متى يحل فطر الصائم، 3/ 36 ط: المطبعة الكبرى الأميرية)
ترجمہ: "رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، جب رات اس طرف (مشرق) سے آئے اور دن ادھر مغرب میں چلا جائے کہ سورج ڈوب جائے تو روزہ کے افطار کا وقت آگیا۔"
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144309101351
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن