بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

17 یا 18 دن خون آنے اور 12، 13 دن پاکی رہنے کی صورت میں نماز وروزے کا حکم


سوال

میری ماہواری کی ترتیب بالکل خراب ہوچکی ہے، جس کی وجہ سے میں بہت پریشان ہوں، میری ماہواری کے دن شروع ہوتے ہیں تو پہلے  لیکوریا کا کلر  ہلکا پیلا ہوتا ہے، پھر آہستہ  آہستہ ڈارک براؤن ہوجاتا ہے جو تین سے چار دن تک رہتا ہے، اس کے بعد خون شروع ہوتا ہے اور آخر میں شروع والے طریقہ سے صاف ہوتا ہے، جس کا دورانیہ 16 سے 17  اور کبھی 18 دن ہوتے ہیں،  اور پاکی کے دن 12، 13 یا کبھی 14 دن ہوتے ہیں، 15دن کبھی مکمل نہیں ہوتے ، یہ مسئلہ میرے ساتھ پانچ چھ سال سے ہے، اس صورت میں پاکی یا ناپاکی کے دنوں کا تعین کس طرح شمار کروں؟

جواب

واضح رہے کہ  خالص سفیدی کے  علاوہ عورت کو جس رنگ ( کالا، لال، ہرا، پیلا اور مٹیالہ )کا بھی خون  نظر آئے  وہ حیض شمار ہوتا ہے، نیز  حیض کی زیادہ سے زیادہ مدت  دس دن ہے ، اس سے زیادہ حیض نہیں ہوسکتا، جب کہ  ایک حیض کے ختم ہونے اور دوسرے حیض شروع ہونے کے درمیان کم از کم پندرہ دن پاکی ہونا شرعاً ضروری ہے،  لہذا  اگر دو حیضوں کے درمیان مکمل پندرہ   دن پاکی کے نہ ہوں تو ایسی صورت میں دوسری مرتبہ آنے والا خون حیض شمار نہیں ہوتا، بلکہ یہ خون استحاضہ کا کہلاتا ہے، ایسی  صورت میں اگر  وہ عورت معتادہ (اس کی عادت مقرر) ہو تو اس کی ماہواری اور  پاکی  اس کی عادت کے مطابق شمار ہوں گی۔

 صورتِ مسئولہ میں سائلہ کو چاہیے کہ ماہواری کی ترتیب  بگڑنے سے پہلے جو اس کی ماہواری  کی عادت کے ایام تھے ان میں  خوب غور وفکر کرے ،  غور وفکر کے بعد   اگر غالب گمان سے یہ یاد آجائے کہ  اس کی عادت مثلاً 7 دن کی تھی   تو ان ایام میں آنے والا خون وہ کسی بھی رنگ کا ہو  ، اس کو حیض  شمار کرے ، اور اس کے بعد  اگر خون  عادت کے ایام سے بڑھ کر،  دس دن سے بھی  بڑھ  جائے    تو  اس صورت میں عادت کے مطابق  7 دن  حیض اور باقی  ایام  کو استحاضہ  شمار کرے ۔

استحاضہ کے ایام کے نماز اور روزے سب ادا كرنے ہیں ، اور ان دنوں ميں نماز اور روزه نہیں ركھا تو ان  کی قضا  بھی لازم ہوگی، جب کہ حیض کے دنوں کے صرف روزوں کی قضا ہوگی۔

نیز اگر عادت مقرر اور معلوم ہونے کی صورت  پندرہ دن پاکی کے گزرنے کے بعد  اگر کبھی  عادت کے ایام سے پہلے خون آجاتا ہے تو  اس کے متعلق یہ تفصیل ہے کہ : اگر  ماہواری کےایام  اور اس سے قبل دھبے  نظر آنے والے ایام ملا کر دس  دن سے زائد بن  جاتے ہیں،  تو ایسی صورت میں   سائلہ کے  اپنی سابقہ  ماہواریوں کی عادت والے ایام ہی  ماہوا ری کے شمار ہوں گے، اور ماہواری سے پہلے دھبے نظر آنے والے تین یا چار دن استحاضہ شمار ہوگا  اور اگر سائلہ   کی ماہواری  کے عادت  والے ایام اور اس سے پہلے دھبے نظر آنے والے ایام  ملا کر دس دن نہیں بنتے بلکہ دس دن مکمل ہونے پر یا اس  سے پہلے ماہواری ختم ہوجاتی ہے تو ایسی صورت میں سائلہ  کی ماہواری کی عادت تبدیل ہوگئی ہے، اور ابتدا میں  دھبے آنے والے  تین سے چار دن بھی ماہواری شمار ہوں گے۔

نوٹ: اگر  مذکورہ بالا تفصیل سے مسئلہ حل نہیں ہورہا تو سائلہ کو چاہیے کہ غور فکر کرکے  اپنی سابقہ ماہواری اور پاکی  کی  عادت کی مکمل تفصیل لکھ   دوبارہ دارلافتاء سے رجوع کرلے۔

الفتاوى العالمكيرية   میں ہے:

"(ومنها) أن يكون على لون من الألوان الستة: السواد والحمرة والصفرة والكدرة والخضرة والتربية هكذا في النهاية وإنما يعتبر اللون على الكرسف حين يرفع وهو طري لا حين يجف. هكذا في المحيط ... الطهر المتخلل بين الدمين والدماء في مدة الحيض يكون حيضًا."

(کتاب الحیض،الباب السادس في الدماء المختصة بالنساء، 1 / 36،ط: المطبعة الكبرى الأميرية)

و فیہ ایضاً :

"فإن لم يجاوز العشرة فالطهر والدم كلاهما حيض سواء كانت مبتدأة أو معتادة وإن جاوز العشرة ففي المبتدأة حيضها عشرة أيام وفي المعتادة معروفتها في الحيض حيض والطهر طهر. هكذا في السراج الوهاج."

(کتاب الحیض،الباب السادس في الدماء المختصة بالنساء، 1 / 37، ط: المطبعة الكبرى الأميرية)

و فیہ ایضاً:

"فإن رأت بين طهرين تامين دمًا لا على عادتها بالزيادة أو النقصان أو بالتقدم والتأخر أو بهما معًا انتقلت العادة إلى أيام دمها حقيقيًّا كان الدم أو حكميًّا هذا إذا لم يجاوز العشرة فإن جاوزها فمعروفتها حيض و ما رأت على غيرها استحاضة فلاتنتقل العادة، هكذا في محيط السرخسي."

(کتاب الحیض،الباب السادس في الدماء المختصة بالنساء، 1 / 39، ط: المطبعة الكبرى الأميرية)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144509101275

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں