بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 شوال 1445ھ 16 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

معذور بیٹی کے لیے ساس کو اس کی عدت کے دوران گھر سے بلانا


سوال

میرے سسر صاحب کا جنوری31 کو انتقال ہو گیا، ساس صاحبہ عدت میں ہیں، میری بیٹی کا نکاح ستمبر 2020 میں ہوا تھا اور2 اپریل 2021 کو رخصتی طے ہے، ہمارے آخری جڑواں بچے ہیں بیٹا بیٹی، اس وقت دونوں کی عمر 15  سال ہے اور بچہ ماشاءاللہ صحت مند اور بچی ذہنی معذور ہے، اس کی تمام خدمت والدہ کرتی ہیں،  وہ خود سے کچھ کھا بھی نہیں سکتی، اسے دن رات گرمی سردی کی کوئي  خبر نہیں، کیا ہم اپنی ساس صاحبہ کو کچھ وقت بچی کے پاس ٹھہرنے کے لیے بلا سکتے ہیں، ہماری ساس کی رہائش جوہر میں اور ہم سوسائٹی  میں رہتے ہیں، کیوں  کہ اس معذور بچی کو ہم لے کے نہیں جا سکتے۔

جواب

واضح  رہے  کہ شوہر کے انتقال کے بعد   نکاح کی نعمت کے ختم ہونے پر اظہارِ افسوس کے لیے  عورت پرشریعت  کے حکم کے مطابق  چار مہینہ دس دن عدت گزارنا لازم ہے، بشرطیکہ وہ حاملہ نہ ہو، ورنہ بچے کی پیدائش تک عدت ہوگی،   اور اس دوران معتدہ عورت کے لیے  شدید ضرورت کے بغیر گھر سے نکلنا،  زیب وزینت، بناؤسنگھار  کرنا، خوش بو لگانا، اور  شوخ رنگ اور نئے کپڑے وغیرہ پہننا جائز نہیں ہے۔ 

لہذا آپ کی  معذور  بیٹی  کی دیکھ بھال کے لیے آپ کی ساس کا عدت کے دوران اپنے گھر سے نکلنا جائز نہیں ہے، آپ اپنی بیٹی  کی دیکھ بھال کے لیے اپنے گھر کے کسی فرد یا رشتہ داروں میں سے کسی معتمد خاتون کو اپنی بیٹی کی دیکھ بھال کے لیے  مقرر کرسکتے ہیں، اور اگر ایسی کوئی صورت نہ ہو تو اس دوران اپنی بیٹی کو ساس کے گھر لے جاکر چھوڑ دیجیے، بچی کی خیال داری بھی ہوجائے گی اور ساس کو عدت کے دوران گھر سے نکلنا بھی نہیں  پڑے گا۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (3/ 536) :

"(وتعتدان) أي معتدة طلاق وموت (في بيت وجبت فيه) ولايخرجان منه (إلا أن تخرج أو يتهدم المنزل، أو تخاف) انهدامه، أو (تلف مالها، أو لاتجد كراء البيت) ونحو ذلك من الضرورات فتخرج لأقرب موضع إليه". 

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144208200419

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں