بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

سرکاری فنڈ کی شرعی حیثیت


سوال

میرے بہنوئی کاانتقال ہوگیاہے،وہ پولیس میں تھے، ان کی بیوہ اور دوبیٹیاں ہیں ، بیٹاکوئی نہیں ہے،ہم بہنوئی کے کچھ فنڈاور پینشن وغیرہ کے حوالے سے  ہیئرشپ بنوانے گئے ،dcآفس والے آفسرنےکہا کہ اس کو پینشن ملے گالیکن ان کا بیٹانہیں ہے، لہذا اس کو فنڈ نہیں ملے گا، جناب فرمائےکہ کیاشرعاًفنڈمرحوم کی بیوہ اور بیٹیوں کاحق ہےیانہیں ؟

جواب

واضح رہے کہ مرحوم کے انتقال کے بعد سرکار کی طرف سے ملنے والا فنڈ اگر مرحوم کی  ماہانہ تنخواہ سے کٹوتی کرکے قائم کیاگیاہو، تو ایسی صورت میں مذکورہ فنڈمرحوم کی  وراثت شمارہوکرتمام ورثاء کے درمیان ان کے شرعی حصص کے مطابق تقسیم ہوگا اوراگر مذکورہ فنڈمرحوم کی تنخواہ سےکٹوتی کرکے قائم  نہیں کیا گیاہو،بل کہ سرکارکی طرف سے میت کی اہلِ خانہ کے ساتھ تبرع واحسان کے طورپردیاجاتاہو،تو ایسی صورت میں مذکورہ فنڈ ترکہ میں شامل نہیں ہوگا بل کہ سرکارکی طرف سے جن لوگوں کو دیاجاتاہوں(خواہ بیٹاہویابیٹی ہویاکوئی اور وارث) انہی کو ملے گا۔

لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر مذکورہ فنڈمرحوم کی تنخواہ سے کٹوتی کرکے جمع نہیں کیا گیا ہو،بل کہ سرکارکی طرف سے مرحوم کے بیٹے کےلیے ہواور مرحوم کا کوئی بیٹانہیں ہے، تو ایسی صورت سرکارکے ذمہ مرحوم کے مذکورہ فنڈدینا لازم نہیں ہے۔

"الفقہ الاسلامی وادلتہ"میں ہے:

"التركة: ما يتركه الميت مما كان يملكه من الأموال النقدية والعينية والحقوق. فلا يدخل في التركة الأمانات ونحوها مما لم يكن يملكه."

(الباب السادس المیراث،الفصل الاول،مصطلحات،الترکۃ،ج:10،ص:7701،ط:دارالفکر)

امداد الفتاوی میں ہے:

"چوں کہ میراث مملوکہ اموال میں جاری ہوتی ہے اور یہ وظیفہ محض تبرع واحسانِ سرکار ہے، بدون قبضہ کے مملوک نہیں ہوتا، لہذا آئندہ جو وظیفہ ملے گا اس میں میراث جاری نہیں ہوگی، سرکار کو اختیار ہے جس طرح چاہیں تقسیم کردے۔"

 (کتاب الفرائض،ج:4،ص:342، عدم جریان میراث در وظیفہ سرکاری تنخواہ، ط: مکتبہ دارالعلوم کراچی)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144405100160

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں