بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1445ھ 30 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

سالگرہ منانا اور اس کی مبارک باد دینا


سوال

سالگره منانا کيسا هے؟ کسى کو سالگره کے موقع پر هيپى برتھ ڈے کهنا کيسا هے؟ کهنے والے کےلیے کيا حکم هے؟

جواب

 برتھ ڈے (سال گرہ) منانا شرعاً ثابت نہیں ہے  بلکہ یہ  اغیار (غیر مسلموں  ) کی طرف سے آئی ہوئی ایک رسم ہے،  جس میں عموماً طرح طرح کی خرافات شامل ہوتی ہیں، مثلاً: مخصوص لباس پہنا جاتا ہے، موم بتیاں لگاکر کیک  کاٹا  جاتا ہے، موسیقی  اور مرد وزن کی مخلوط محفلیں ہوتی ہیں، تصویر کشی ہوتی ہے اور پھر ان میں غیر اقوام کی نقالی بھی ہوتی ہے، اور یہ سب امور ناجائز ہیں،  لہذا مروجہ طریقہ پربرتھ ڈے( سال گرہ) منانا شرعاً جائز نہیں ہے۔

البتہ اگر اس طرح کے خرافات نہ ہوں اور نہ ہی کفار کی مشابہت مقصود ہو، بلکہ صرف  گھر کے افراد اس مقصد کے لیے اس دن کو یاد رکھیں کہ عمر کی یاداشت رہے اور   رب کے حضور اس بات کا شکرادا ہو کہ اللہ تعالیٰ نے عافیت وصحت کے ساتھ زندگی کا ایک سال مکمل فرمایا ہے اور اس کے لیے مذکورہ   منکرات سے خالی کوئی تقریب رکھ لیں  تو  اس کی گنجائش ہوگی،پیدائش ہی کا دن بھی متعین نہ کریں آگے پیچھے کر لیں، باقی نیتوں کا حال اللہ تعالیٰ بہتر جانتے ہیں اور حساب بھی اسی کو دینا ہے۔

اور  اس میں  مبارک باد دینے کے لیے بھی  غیروں کی مشابہت سے بچتے ہوئے  صحت، سلامتی  کے ساتھ عمر میں برکت اور  دین پر ثابت قدمی وغیرہ کی دعائیں دینی چاہیے، مثلا ًاللہ تعالی آپ کی عمر میں برکت دے، وغیرہ

قرآن مجیدمیں ہے:

"{وَمَنْ يَبْتَغِ غَيْرَ الْإِسْلَامِ دِينًا فَلَنْ يُقْبَلَ مِنْهُ وَهُوَ فِي الْآخِرَةِ مِنَ الْخَاسِرِينَ}." (سورۃ آل عمران، الآیة: 85)

ترجمہ:’’اور جو شخص اسلام کےسوا کسی اور دین کو تلاش کرے گا، پس اس سے ہرگز قبول نہ کیا جائےگا، اور وہ شخص آخرت میں نقصان اٹھانےوالوں میں سےہوگا۔‘‘

مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح میں ہے:

"قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " «من تشبه بقوم فهو منهم» " رواه أحمد، وأبو داود.

(من تشبه بقوم) : أي من شبه نفسه بالكفار مثلا في اللباس وغيره، أو بالفساق أو الفجار أو بأهل التصوف والصلحاء الأبرار. (فهو منهم) : أي في الإثم والخير. قال الطيبي: هذا عام في الخلق والخلق والشعار، ولما كان الشعار أظهر في التشبه ذكر في هذا الباب."

(كتاب اللباس، الفصل الثاني ،222/8، ط: مكتبة حنفية)

فتاوٰی رشیدیہ میں ہے:

’’سالگرہ یادداشت عمرِاطفال کے واسطے کچھ حرج نہیں معلوم ہوتااور بعد سال کے بوجہ اللہ کھلانابھی درست ہے۔‘‘

(حرمت وجواز کے مسائل، ص: 567، ط: عالمی مجلس تحفظ اسلام)

فتاوٰی رحیمیہ میں ہے:

’’سالگرہ منانے کاجوطریقہ رائج ہے (مثلاً کیک کاٹتے ہیں)یہ ضروری نہیں،بلکہ قابلِ ترک ہے،غیروں کے ساتھ تشبہ لازم آتاہے،البتہ اظہارِ خوشی اور خداکاشکر اداکرنامنع نہیں۔‘‘

(متفرقات حظرواباحۃ،  236/10،  ط: دارالاشاعت)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144405100963

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں