بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

27 شوال 1445ھ 06 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

صحیفہ ابن ہمام،مؤطا امام محمد اور العقیدۃ الطحاویۃ کا تعارف


سوال

صحیفہ ابن ہمام، مؤ طا امام محمد اور العقیدہ الطحاویہ کے بارے میں راہ نمائی فرمائیں۔

جواب

’’صحیفہ ہمام ابن منبہ ‘‘ کا اصل نام الصحیفۃ الصحیحۃ ہے ،ہمام بن منبہ حضرت ابو ہریر ۃ رضی اللہ عنہ کے شاگرد ہیں ،انہوں نے اس صحیفہ میں اپنے استاد حضرت ابوہریرۃ رضی اللہ عنہ کی مرویا ت میں سے 138 حدیثیں لکھ کر ان کے سامنے پیش کیں ،اور ان سے اس کی تصویب کروائی ،گویا یہ کتاب حضرت ابوہریر ۃ رضی اللہ عنہ کی کچھ مرویا ت کا مجموعہ ہے ۔

’’مؤطا امام محمد ‘‘مشہور حدیث کی کتاب ہے ،جو کہ حدیث میں  امام  محمد رحمہ اللہ کی پہلی تصنیف  ہے ،اس کتاب میں انہوں نے زیادہ تر امام مالک سے سنی ہوئی روایا ت کو جمع کیا ہے ،اور اكثر جگہوں میں اپنی روایتیں بھی شامل کی ہیں ،اور کن روایتوں پر عمل ہوگااور کن روایتوں پر عمل نہیں ہوگا،اس کی نشان دہی بھی کی ہے ،اس کتاب سے امت کے ایک بڑے طبقہ نے استفادہ کیا ،اور آج تک کررہی ہے،اس کتاب کی کئی شروحات لکھی گئیں ،جن میں محدث کبیر ملا علی قاری رحمہ اللہ نے مبسوط شرح لکھی ہے ،جس کا نام ’’فتح المغطّیٰ شرح المؤطا ‘‘ہے،اور   علامہ عبد الحی لکھنوی  رحمہ اللہ نے اس پر حاشیہ  لکھا ہے جس کا نام ’’التعلیق الممجد شرح مؤطا امام محمد‘‘ ہے۔

’’العقیدۃ الطحاویۃ‘‘معروف حنفی محدث وفقیہ امام ابو جعفر الطحاوی رحمہ اللہ  کا اہل سنت والجماعت کے عقائد  پر مختصر سا رسالہ ہے ،اس کتا ب کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ دلائل اور اعتراضات  وجوابات سے خالی صرف بنیادی عقائد کے متن پر مشتمل ہے ،اس کتاب کی بھی بے شمار شروحات وحواشی لکھے گئے ۔

بہر حال مذکورہ بالا تینوں کتب ہمارے اسلاف کی مایہ ناز تصانیف ہیں ،جن سے ایک مدت سے امت استفادہ کررہی ہے ،اور آج تک ان  کا علمی فیض جاری ہے ،جو کہ ان کی جلالت شان اور مقبولیت عنداللہ کی واضح دلیل ہے۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144412101551

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں