شہباز حسین کے نام کا مطلب اور ستارا کیسا ہے؟
شاہ باز کا معنی بڑا باز (شاہین) اور شکاری پرندے کے آتا ہے، یہ لفظ بہادری اور خوب صورتی کے معنی میں بھی استعمال ہوتا ہے،جب کہ حُسین حَسن کی تصغیر ہے، اور اس کا معنی ہے ایک چھوٹا خوب صورت۔
(فیروز اللغات جدید، ص333،483،ط: فیروز سنز)
واضح رہے کہ ستاروں کی چال سے مستقبل کے حالات جاننے کی کوشش کرنا، اور ان باتوں پر یقین کرنا ناجائز و حرام ہے، ستاروں کا علم سیکھنے کو اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے نا پسند فرمایا ہے، ستاروں کی تخلیق کے من جملہ فوائد میں سے اللہ رب العزت نے ان کے ذریعے سمت، راستے اور اوقات کا جاننا بیان فرمایا ہے لہٰذ ا سمت، راستے، اوقات وغیرہ جاننے کے لیے تو ستاروں کے علوم سیکھ سکتے ہیں، نیز ان کی چال سے ظنی اور تخمینی طور پر موسم کے اندازا کیا جاسکتاہے، جیساکہ خاص اوقات اور کیفیات سے بادلوں کے جمع ہونے سے بارش برسنے پر ممکنہ استدلال کیا جاتاہے، لیکن قطعی اور یقینی طور پر دعویٰ نہیں کیا جاسکتا، لہذا کسی نام کے ستارے نکلوانا اور اس پر یقین کرنا ناجائز حرام ہے ۔
حدیث شریف میں ہے:
"حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرٍ قَالَ: حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ، عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ الْأَخْنَسِ، عَنِ الْوَلِيدِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ، عَنْ يُوسُفَ بْنِ مَاهَكَ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: مَنِ اقْتَبَسَ عِلْمًا مِنَ النُّجُومِ، اقْتَبَسَ شُعْبَةً مِنَ السِّحْرِ زَادَ مَا زَادَ".
(سنن ابن ماجه، کتاب الادب ، باب تعلم النجوم ، 15/4،المكتبة العصرية)
ترجمہ:حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے علم نجوم میں سے کچھ حاصل کیا ، اس نے سحر (جادو ) کا ایک حصہ حاصل کرلیا ، اب جتنا زیادہ حاصل کرے گا گویا اُتنا ہی زیادہ جادو حاصل کرے گا۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144401101935
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن