بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

سادات کس کو کہتے ہیں؟/سادات کو زکاۃ دینے کا حکم


سوال

حضرت علی رضی اللہ عنہ کی وہ اولاد جو حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کے علاوہ سے ہیں، کیا وہ بھی سادات ہوں گے؟ اور ان کو زکاۃ دینے کا کیا حکم ہے؟

جواب

واضح رہے کہ بنو ہاشم کو زکاۃ دینا جائز نہیں ہے، اور بنو ہاشم سے مراد حضرت علی ، حضرت عباس، حضرت جعفر ، حضرت عقیل اور حضرت حارث رضی اللہ عنہم اجمعین کی اولاد ہے، ان میں سے کسی کی اولاد کو بھی زکاۃ دینا جائز نہیں ہے، اس کے علاوہ بنو ہاشم کی بقیہ اولاد مثلاً ابو لہب کی اولاد وغیرہ کو زکاۃ دینا جائز ہے۔

فتاویٰ ہندیہ میں ہے:

"ولا يدفع إلى ‌بني ‌هاشم، وهم آل علي وآل عباس وآل جعفر وآل عقيل وآل الحارث بن عبد المطلب كذا في الهداية ويجوز الدفع إلى من عداهم من ‌بني ‌هاشم كذرية أبي لهب؛ لأنهم لم يناصروا النبي - صلى الله عليه وسلم."

(كتاب الزكاة، الباب السابع في المصارف، ج:1، ص:189، ط:دار الفکر)

بنی ہاشم کے وہ گھرانے جنہیں نبی کریم ﷺ پر ایمان لانے میں سبقت کرنے اور آپ علیہ الصلاۃ والسلام کی معاونت کرنے کی وجہ سے خصوصی شرف حاصل ہوا تو ان کے لیے بطورِ  لقب وعلامت "شریف" کا لفظ بولا جاتا تھا جس میں حضرت علی ، حضرت عباس، حضرت جعفر، حضرت عقیل رضی اللہ عنہم کی اولاد اور نسل شامل ہے، بعد میں فاطمیین نے یہ اصطلاح حضرت علی رضی اللہ عنہ کی ان اولاد کے لیے مختص کردی جو سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کے صاحبزادگان یعنی حضرت حسن وحضرت حسین رضی اللہ عنہما کی اولاد سے ہوں، البتہ مفسرین ومحدثین نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ خصوصی نسبت کی وجہ سے بطورِ امتیاز حضراتِ حسنین کریمین رضی اللہ عنہما کی اولاد کے ساتھ " شریف " کے ساتھ " سید" کا لقب بھی ذکر کیا جو کہ آپ ﷺ کے ساتھ نسبی علامت ہے، لہذا صرف حضراتِ حسنین کریمین رضی اللہ عنہما کی اولاد اور نسل سے آنے والے گھرانوں کو " سید" کہنا چاہیے ۔

(حاشیۃ الطحطاوی: ص:12۔ الحاوی للفتاویٰ: ج:2، ص:39)

فقط واللہ اَعلم


فتوی نمبر : 144506102183

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں