بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رمیصاء نام کا معنی کیا ہے اور یہ نام رکھنا کیسا ہے؟


سوال

نام " رُمیصاء " کا درست تلفظ کیا ہے؟ " رُمیصاء " یا پھر " رومیصاء" ؟ اور اس نام کے معنی کیا ہیں۔ ہم نے اس کا معنی "پھولوں کا گلدستہ" دیکھا تھا۔ لیکن آپ نے "میل کچیل" بتایا ہے۔ براہِ کرم وضاحت فرمادیں!

جواب

واضح رہے کہ ’’رمیصاء‘‘ ( "ر" پر پیش ، "م" پر زبر ، اور آخر میں ہمزہ ) صحابیات  رضی اللہ عنہن میں سے ایک صحابیہ کا نام ہے۔ "رومیصاء" تلفظ درست نہیں ہے۔

ہمارے ہاں سے جاری شدہ فتوے میں "رمیصاء" کا معنٰی "میل کچیل" نہیں لکھا گیا، بلکہ سابقہ فتوے کی عبارت درج ذیل ہے:

’’ حضرت ابوطلحہ انصاری  رضی اللہ عنہ کی اہلیہ اور حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ  کی والدہ ماجدہ ہیں۔ اور ان کے نام میں ایک مشہور قول ’’غمیصاء‘‘  بھی ہے۔   

’’رمیصاء‘‘ نام کے مختلف معانی ہیں، ایک معنی: ستارہ ہے۔ اور دوسرا معنیٰ  "رمص" سے ہے، جس کے معنی اُس سفید چیپڑ (میل کچیل ) کے ہیں جو آنکھ کے کونے میں جمع ہوجاتا ہے۔ پہلے معنیٰ کے اعتبار سے اس نام کے مستحسن ہونے میں کلام نہیں۔   دوسرے معنیٰ کے باوجود بھی مذکورہ نام رکھنے میں کوئی حرج نہیں؛ اس لیے کہ صحابہ کرام وصحابیات  رضی اللہ عنہم وعنہن کے نام میں نسبت اصل ہے اور معنی کی حیثیت ثانوی ہے۔‘‘

لہٰذا " رمیصاء" نام رکھنا درست ہے، اور نام رکھتے ہوئے صحابیہ رضی اللہ عنہا کے نام  کی نسبت ہی ملحوظ ہونی چاہیے نیز پہلا معنٰی بھی ملحوظ رکھا جاسکتاہے۔

یاد رہے کہ "رمیصاء" کے حروفِ اصلیہ کے اعتبار سے اس میں مختلف ابواب سے مختلف معانی آنے کا احتمال موجود ہے، ان میں سے ایک معنٰی "آنکھوں کے کونوں میں آنے والا میل کچیل" بھی ہے، اس لحاظ سے "رمیصاء" کا معنٰی "وہ عورت جس کی آنکھ میں میل ہو"، ہوگا۔ اسی طرح اس لفظ کے دیگر معانی بھی ہوسکتے ہیں، لیکن  کسی مستند لغت میں اس کا معنٰی "پھول کا گلدستہ" نہیں مل سکا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144203200364

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں