بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

26 شوال 1445ھ 05 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

رخصتی سے قبل عدالتی خلع کا حکم


سوال

 زینب کا نکاح عمر سے ہوا، لیکن گھر سے رخصتی نہیں ہوئی ہے، دونوں موبائل پر باتیں کرتے تھے، باتو ں میں جھگڑا ہوا، اب زینب کہہ رہی ہے کہ میں عمر سے شادی نہیں کروں گی، ان کا یہ کہنا ہےکہ اب سے یہ مجھ سے لڑرہے ہیں اور گالی دیتے ہیں تو شادی کے بعد کیا ہوگا،  اس وجہ سے زینب عمر سے طلاق مانگتی ہے،  لیکن عمر طلاق نہیں دیتاہے،  زینب نے عدالت کی طرف سے خلع لی اور عدالت نےخلع دیا، لیکن عمر اس پر راضی نہیں ہے،  کیا اب عدالت کے خلع کا اعتبار ہوگا کہ نہیں،  اب لڑکی دوسری جگہ نکاح کرسکتی ہے یا نہیں؟ رہنمائی فرمائیں۔

جواب

واضح رہےخلع بھی دیگر عام مالی معاملات کی طرح ایک مالی معاملہ ہے، جس طرح دیگر مالی معاملات میں جانبین کی رضامندی ضروری ہوتی ہے، اسی طرح خلع میں بھی فریقین  کی رضامندی ضروری ہوتی ہے، کسی ایک فریق کی رضامندی کے بغیر خلع شرعًا معتبر نہیں اور نہ ہی عمومی احوال میں شوہر کی اجازت اور وکالت کے بغیر کسی اور  کو طلاق دینے کا اختیار ہوتا ہے۔

صورتِ مسئولہ میں جب زینب کا نکاح عمر سے ہوا، اور پھر آپسی کے جھگڑے کی وجہ سے زینب نے عدالت میں خلع کا مقدمہ دائر کیا،  اور عمر  نے  عدالتی خلع کے فیصلہ کو تحریری اور زبانی طور قبول نہیں کیا،    تو عدالت کی طرف سے دی گئی خلع شرعًا معتبر نہیں ہے، لہذا دونوں کا نکاح بدستور قائم ہے، اور زینب کسی اور سے شادی نہیں کرسکتی۔ 

نیز  مذکورہ صورت میں نکاح ہونے کے بعد بیوی کو اپنے شوہر سے طلاق یا خلع کا مطالبہ کرنے کے بجائے  آپس کی رنجشوں کو ختم کرکے احسن طریقہ سے زندگی گزارنی چاہیے، آپس میں لڑنا یا گالم گلوچ کرنا کسی نیک مسلمان کا شیوہ نہیں ہے، لہذا اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع میں ہے:

"وأما ركنه فهو الإيجاب والقبول؛ لأنه عقد على الطلاق بعوض فلا تقع الفرقة، ولا يستحق العوض بدون القبول."

(كتاب الطلاق، فصل فى ركن الطلاق، ج:3، ص:145، ط:دارالكتب العلمية)

فقط والله اعلم 


فتوی نمبر : 144504100762

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں