بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

روزگار کے لیے عمل


سوال

7 سال سے میں بےروزگار ہوں جہاں اپلائی کرتا ہوں سارا کام ہو جانے کے باوجود کوئی نہ کوئی رکاوٹ آجاتی ہے اور اپنا کوئی کام شروع کرتا ہوں تو وہ بھی کچھ ٹائم بعد بند  ہوجاتا ہے؟

جواب

سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات سے مایوس نہ ہوں، ہر تکلیف و آزمائش اور سہولت وخوشی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے،  اس لیے پریشانیوں اورمصائب کا حل رجوع الی اللہ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا، اللہ تعالیٰ کی طرف توبہ و استغفار کے ذریعے بھی متوجہ ہوں اور اپنے مسائل کا حل اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیجیے،  اور اللہ تعالیٰ کو اپنے مسائل کے حل کا وکیل بنادیجیے، اللہ تعالیٰ کبھی آپ کا سہارا نہیں چھوڑیں گے۔

نیز اس کے ساتھ  بہت زیادہ شکر کی عادت اپنالیجیے، بسا اوقات ہمیں ظاہر میں یہ محسوس ہوتاہے کہ ہمیں کوئی نعمت حاصل نہیں، اور ہر طرف سے ہم پریشانیوں میں گھرے ہوئے ہیں، جب کہ ہر آن و ہر لحظہ ہم اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں، اس لیے ظاہر میں پریشانی ہی کیوں نظر نہ آئے بندے کا کام ہر وقت مالک کا شکر ادا کرنا ہے، اللہ تعالیٰ ضرور اپنے انعامات میں اضافہ فرمائیں گے اور دنیاوی پریشانیاں بھی ان شاء اللہ حل ہوجائیں گی۔ 

رزق کے معاملہ کا تعلق اللہ تعالی کی تقسیم کے ساتھ ہے، وہ جسے چاہے جب چاہے اور جیسے چاہے رزق دیتا ہے، اس کے فیصلے کے سامنے کوئی منصوبہ نہیں چلتا، لہذا ایک مسلمان کو اس بارے میں اللہ تعالی کے فیصلوں پر ہمیشہ راضی رہنا چاہیے، آپ اول تو پانچوں نمازیں مسجد میں باجماعت ادائیگی کا اہتمام کریں، اس لیے نماز کے اہتمام کے ساتھ وسعتِ رزق کا وعدہ ہے، ہر نماز کے بعد تین بار یہ دعا پڑھیں:

اَللّٰهُمَّ اكْفِنِیْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِیْ بِفَضْلِكَ عَمَّنْ سِوَاكَ.

 مزید صبح شام معوذتین (سورہ فلق اور سورہ ناس) اور کثرت سے استغفار کا معمول بنائیں. اللہ تعالی پر یقین رکھیں کہ ان شاء اللہ آپ کے حالات درست ہوجائیں گے اور کاروبار بھی سنبھل جائے گا۔

استغفار کے لیے کوئی بھی کلمات پڑھ سکتے ہیں، مثلًا درج ذیل کلمات پڑھنے کی عادت بنالیجیے:

" أَسْتَغْفِرُ اللّٰهَ رَبِّيْ مِنْ كُلِّ ذَنْبٍ وَّ أَتُوْبُ إِلَیْهِ".

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144401100924

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں