بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

روزگار اور شادی کے لیے وظیفہ


سوال

میں ایک لمبے عرصے سے تمام تر کوششوں کے باوجود بے روزگار ہوں، عمر بھی اب چالیس کے پیٹے میں ہے، شادی بھی نہیں ہوئی اور کچھ بنتا بھی دکھائی نہیں دے رہا ،سو زندگی سے اکتا گیا ہوں، مجھے ایسی دعا اور اس کے پڑھنے کا طریقہ بتائیں جو میں آسانی سے پڑھ سکوں اور میرے روزگار سمیت اچھی جگہ شادی کا مسئلہ نہ صرف یہ کہ حل ہوجائے، بلکہ میری توقع سے بڑھ کر جلدی اور خوش اسلوبی سے حل ہو۔

جواب

سائل کو چاہیے کہ  مایوس نہ ہو،  روزانہ صلاۃ الحاجت کی نیت سے دو رکعت نفل  پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے مانگتا رہے، حسبِ توفیق صدقہ دیتا رہے اگرچہ  دس روپے  ہی ہوں۔  اور اپنی مہارت اور صلاحیت کو مدِّ نظر رکھ کر متعلقہ شعبے کے اہلِ تجربہ سے  مشورہ بھی کرے، اور اس کی روشنی میں  کاروبار  یا ملازمت کی کوشش کرے۔ نیز اس کے ساتھ درجِ ذیل وظائف پر عمل کرے ان شاء اللہ روزگاراور شادی کے معاملہ میں آسانی ہوگی۔

شادی کے لیے سورۂ  طٰہٰ کی آیت نمبر ١٣١"( وَلَا تَمُدَّنَّ عَيْنَيْكَ إِلَى مَا مَتَّعْنَا بِهِ أَزْوَاجًا مِنْهُمْ زَهْرَةَ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا لِنَفْتِنَهُمْ فِيهِ وَرِزْقُ رَبِّكَ خَيْرٌ وَأَبْقَى)" کو کسی کپڑے پر لکھ کر باندھ لینے سے غیر شادی شدہ شخص کی شادی میں آسانی ہوجاتی ہے،جیسا کہ اعمالِ قرآنی میں حضرت حکیم الامت مجدد ملت شاہ اشرف علی تھانوی صاحب رحمہ اللہ اس آیت کے بارے میں فرماتے ہیں:

’’اس آیت کو کو لکھ کر باندھے تو اگر بے شادی ہو شادی ہوجائے، نسیان ہو تو زائل ہو، مریض ہے تو شفا ہو، فقیر ہے تو تونگر ہو۔‘‘

(ص:١١١،برائے شادی و بیماری،حصہ دوم،ط:مکتبہ بشریٰ)

نيز کاروبار اور روزگار کے حصول اورا س میں خیر و برکت کے لیے سورۂ یوسف کی مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت بہت مفید اور مجرب ہے،جس کا طریقہ اعمالِ قرآنی میں یہ درج ہے کہ:

’’سورۂ یوسف کی آیت نمبر٥٤-٥٦:"وَقَالَ الْمَلِکُ ائْتُوْنِیْ بِهٖ اَسْتَخْلِصْه لِنَفْسِیْ فَلَمَّا كلَّمَه قَالَ اِنَّکَ الْیَوْمَ لَدَیْنَا مَکِیْنٌ اَمِیْنٌ.قَالَ اجْعَلْنِیْ عَلٰی خَزَآئِنِ الْاَرْضِ اِنِّیْ حَفِیْظٌ عَلِیْمٌ.وَكذٰلِکَ مَکَّنَّا لِیُوْسُفَ فِی الْاَرضِ یَتَبَوَّاُ مِنْھَا حَیْثُ یَشَآئُ  نُصِیْبُ بِرَحْمَتِنَا مَنْ نَّشَآئُ وَلَا نُضِیْعُ اَجْرَ الْمُحْسِنِیْنَ."

جس کو روزگار نہ ملتا ہو یا روزگار سے معطل ہوگیا ہو، مہینہ میں جواول جمعرات وجمعہ آئے ان میں روزہ رکھے اور شبِ جمعہ میں بستر پر لیٹتے وقت یہ سورت پڑھے، پھر جمعہ کے دن مابین ظہر اور عصر کے(ظہر اور عصر کے درمیان) اس سورت کو لکھے، پھر افطار کرکے اس سورت کو پڑھے ، پھر عشا ءپڑھ کر اس سورت کو پڑھے، پھر بستر پر جا کر اس سورت کو پڑھے اور سو بار لا إلٰہ إلا اللّٰہ کہے اور سو بار اللّٰہ أکبر اور سو بار الحمد للّٰہ  اور سو بار سبحان اللّٰہ  اور سو بار استغفار اور سو بار درود شریف پڑھے، پھر سور ہے(سو جائے)، جب صبح ہو گھر سے نکل کر لکھی ہوئی سورت کو تعویذ بنا کر باندھ لے اور پختہ عہد اور نیت کرے کہ کسی پر کبھی ظلم نہ کروں گا اور اپنے حق سے زیادتی نہ کروں گا۔ ان شاء اللہ تعالیٰ اسی ہفتہ میں یاکچھ زیادہ میں بر سرِ روزگار ہوجائے گا،جو شخص پڑھنا نہ جانتاہو وہ لکھے ہوئے کو سر تلے رکھ لے، باقی لا إلٰہ إلا اللّٰہ بدستورِ سابق کہے۔‘‘

(ص:٩٩،برائے محبتِ زوجۂ و ترقئ روزگار،حصہ دوم،ط:مکتبہ بشریٰ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144501102428

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں