بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

روزی کی سہولت اور برکت کا وظیفہ


سوال

 میں عرصہ 10 سال سے پراپرٹی کاکام کرتاہوں،  بڑااچھا کام چل رہا تھا،  لیکن پچھلے 1سال سے کام بالکل بند ہوگیا ہے، نوبت گھر میں فاقوں تک آ گئی ہے۔ میں ہمیشہ رزق حلال کما کر بچوں اور بوڑھے والدین کو کھلایا ہے اس کے باوجود کسی امتحان میں پڑ گیا ہوں۔

جواب

پانچ وقت نماز کا اہتمام کریں، استغفار کی کثرت اور   ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"أَللّهمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".

اور جب بھی وضو کیا کریں دورانِ وضو درج ذیل دعا کا اہتمام کیا کریں:

"أللهُمَّ اغْفِرْلِيْ ذَنْبِيْ وَ وَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ وَ بَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ".

نیز گناہوں سے بچنے کی پوری کوشش کریں، گناہ سے بچنے کے لیے مضبوط ہمت اور پختہ ارادہ چاہیے، اور اس کے ساتھ ساتھ کسی اللہ والے کی صحبت اختیار کیجیے، نیز  کثرت  کے ساتھ   سید الاستغفار پڑھتے رہیں۔ سید الاستغفار یہ ہے: 

(اللھمَّ أنتَ ربِّی لَااِلهَ اِلاَّ أنتَ،خَلَقتَنِی وَأنَا عَبدُكَ، وَأنَا عَلٰى عَھدِكَ وَوَعدِكَ مَااستَطَعتُ، أعُوذُبِكَ مِن شَرِّ مَا صَنَعتُ ، أبُوءُ لَكَ بِنِعمَتِكَ عَلَيَّ وَأبُوءُ بِذَنبِيْ،فَاغفِرلِيْ فَاِنَّه لَایَغفِرُ الذُٗنُوبَ إِلَّا أنتَ). [رواہ مسلم]

ترجمہ: ’’اے اللہ تو ہی میرا رب ہے ، تیرے علاوہ کوئی عبادت کے لائق نہیں،تو نے مجھے پیدا کیا اور میں تیرا بندہ ہوں اور تیرے عہد اور وعدے پر قائم ہوں جس قدرطاقت رکھتا ہوں،میں نے جو کچھ کیا اس کے شر سے تیری پناہ چاہتا ہوں،اپنے آپ پر تیری نعمت کا اقرار کرتا ہوں اور اپنے گناہوں کا اعتراف کرتا ہوں،پس مجھے بخش دے کیوں کہ تیرے علاوہ کوئی گناہوں کو نہیں بخش سکتا۔‘‘  

مذکورہ اعمال کی برکت سے اللہ تعالیٰ روزی کی تنگی دور فرما دیں گے،  ان شاء اللہ!  یہ آزمائشیں وقتی ہوتی ہیں، جن میں ہمارا فائدہ ہے، ان سے تنبیہ بھی مقصود ہوتی ہے، اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کروانا بھی، جو لوگ ان اَحوال میں شکوہ شکایت چھوڑ کر اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں، اور اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہوجاتے ہیں ان کے لیے آزمائش بھی  رحمت اور ترقی کا ذریعہ بن جاتی ہے، اور اللہ تعالیٰ بہت جلد فراخی بھی نصیب فرمادیتے ہیں۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144210200248

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں