میرا رشتہ ہوا تھا چاچو کے گھر ،آٹھ سال رشتہ رہا اور پھر شادی کے وقت خاندانی دباؤ کی وجہ سے انکار ہو گیا، اب سال ہوگیا میرا رشتہ نہیں ہو رہا کہیں ،جو بھی فیملی آتی ہے دیکھنے پھر کچھ بتا کے نہیں جاتی ،گھر بھی ٹھیک ہے، کاروبار بھی ٹھیک ہے، اس کے لیے کچھ بتا دیں۔
پانچوں نمازیں با جماعت پڑھنے کا اہتمام کریں۔
نیز نمازِعشاء کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ ’’یاَلَطِیْفُ‘‘ پڑھ کراللہ تعالیٰ سے دعاکریں۔(آپ کے مسائل اور ان کا حل،4/251،مکتبہ لدھیانوی)
یا ۔۔۔۔۔ { رَبِّ إِنِّي لِمَاأَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ} کا کثرت سے ورد کریں۔
یا ۔۔۔ نمازِ عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں 41 مرتبہ درج ذیل کلمات پڑھ کر دعا کیجیے:
’’وَمَنْ یَّـتَّقِ اللهَ یَجْعَلْ لَّه‘ مَخْرَجًا وًَیَرْزُقْهُ مِنْ حَیْثُ لَایَحْتَسِبْ وَمَنْ یَّـتَوَکَّلْ عَلَی اللهِ فَهُوَ حَسْبُه“۔
اور صبح و شام ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق روزانہ اس مقصد کے لیے پڑھنا بھی مجرب ہے۔
یا ۔۔۔ فجر کی نماز کے بعد اس آیت مبارکہ کو 100دفعہ (اول وآخر درود شریف کے ساتھ) پڑھیں:
(إِنَّمَا أَمْرُهُ إِذَا أَرَادَ شَيْئًا أَنْ يَقُولَ لَهُ كُنْ فَيَكُونُ)۔
اسی طرح روزانہ "حسبنا اللہ و نعم الوکیل" پانچ سو مرتبہ (اول ـ آخر گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ) پڑھنا بھی اس مقصد کیلئے مجرب ہے۔
ان اعمال کا اہتمام فرمائیں ، ان شاء اللہ اچھے اور پائیدار رشتے میسر ہوں گے۔
نیز یہ بھی ذہن نشین رہے کہ شریعت نے رشتہ میسر ہوجانے کے بعد نکاح اور رخصتی میں جلدی کا حکم دیا ہے، اور اس میں بلا ضرورت تاخیر سے منع کیا ہے، لہٰذا جب کوئی اچھا رشتہ میسر ہوجائے اور فریقین میں باہمی رضامندی ہو تو جلد از جلد اس رشتہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہیے۔طویل تاخیر مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144610101665
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن