بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

29 شوال 1445ھ 08 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

رشتہ کے لیے نمازِ حاجت اور دیگر وظائف


سوال

میرے لیے رشتے آتے ہیں لیکن نہیں ہوتے، کبھی منع ہو جاتا ہے کبھی لوگ اچھے نہیں ہوتے، کوئی نہ کوئی مسئلہ ہوتا ہے، کوئی ایسا وظیفہ بتائیں لوگ بھی اچھے ہوں اور میرے حق میں بھی بہتر ہو!

جواب

رشتہ کے سلسلہ میں دین داری اور حسنِ اخلاق کو ترجیح دینی چاہیے، دنیاوی اعتبار سے طرزِ زندگی کی بہتری کے ساتھ دینی ترقی اور نیک اعمال پر استقامت اور آسانی جس رشتہ میں ہو اس کی دعا کرنی چاہیے، اور دین اور اخلاق کے لحاظ سے اچھا رشتہ آجائے تو اسے قبول کرلینا چاہیے۔

بہرحال آپ پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کے ساتھ تقویٰ سے زندگی گزارنے کا اہتمام کریں۔ اور روزانہ تین بار مختلف اوقات میں نمازِ حاجت پڑھ کر اپنے مقاصدِ حسنہ، بالخصوص رشتہ کے لیے دعا کریں۔

حضرت عبد اللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا:

’’جس شخص کو اللہ تعالیٰ سے کوئی خاص حاجت یا اس کے کسی بندے سے کوئی خاص کام پیش آجائے تو اس کو چاہیے کہ وضو کرے خوب اچھی طرح، پھر دو رکعت (اپنی حاجت کی نیت سے) نمازِ حاجت پڑھے، اس کے بعد اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کرے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم پرصلاۃ وسلام بھیجے (یعنی درود شریف پڑھے) اس کے بعد یہ دعا کرے:
لَا اِلٰـهَ اِلَّا اللّٰهُ الْحَلِیْمُ الْکَرِیْمُ، سُبْحَانَ اللّٰهِ رَبِّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ، اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ، اَسْئَلُكَ مُوْجِبَاتِ رَحْمَتِكَ، وَ عَزَائِمَ مَغْفِرَتِكَ، وَ الْغَنِیْمَةَ مِنْ كُلِّ بِرٍّ، وَّ السَّلَامَةَ مِنْ كُلِّ اِثْمٍ، لَا تَدَعْ لِيْ ذَنْبًا اِلَّا غَفَرْتَه، وَ لَا هَمًّا اِلَّا فَرَّجْتَه، وَ لَا حَاجَةً هِيَ لَكَ رِضًا اِلَّا قَضَیْتَهَا یَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ.‘‘

(سنن الترمذي، ج:2، ص:344، ط: دار الغرب الإسلامي - بيروت)

نیز درج ذیل وظائف میں سے کوئی بھی ایک پڑھ سکتے ہیں:

1-   نمازِ عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں گیارہ سو مرتبہ ’’یَا لَطِیْفُ‘‘ پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔

(آپ کے مسائل اور ان کا حل، ج:4، ص:251، ط:مکتبہ لدھیانوی)

2-   ’’رَبِّ اِنِّي لِمَا اَنْزَلْتَ اِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ‘‘ کا کثرت سے ورد کریں۔

3-   نمازِ عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں 41 مرتبہ درج ذیل کلمات پڑھ کر دعا کیجیے:

’’وَ مَنْ یَّـتَّقِ اللّٰهَ یَجْعَلْ لَّه‘ مَخْرَجًا وَّ یَرْزُقْهُ مِنْ حَیْثُ لَا یَحْتَسِبْ وَ مَنْ یَّـتَوَكَّلْ عَلَى اللّٰهِ فَهُوَ حَسْبُه‘‘

4-   صبح و شام ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق روزانہ اس مقصد کے لیے پڑھنا بھی مجرب ہے۔

فقط و الله اعلم


فتوی نمبر : 144205201386

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں