بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

محمد صلی اللہ علیہ وسلم جب سات دن کے ہوئے تو کیا معمول ہوا؟


سوال

محمد صلی اللہ علیہ وسلم جب سات دن کے ہوئے تو  آپ ﷺ کے نام پر کیا معمولات ہوئے؟ تفصیل چاہیے!

جواب

سیرتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم میں مولانا محمد ادریس کاندھلوی رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے:

’’ولادت کے ساتویں روز عبد المطلب نے آپ کا عقیقہ کیا اور اس تقریب میں تمام قریش کو دعوت دی اور "محمد"  آپ کا نام تجویز کیا۔ قریش نے کہا کہ اے ابو الحارث! (ابو الحارث عبد المطلب کی کنیت ہے) آپ نے ایسا نام کیوں تجویز کیا جو آپ کے آباؤ اجداد اور آپ کی قوم میں سے اب تک کسی نے نہیں رکھا؟  عبد المطلب نے کہا کہ میں نے یہ نام اس  لیے رکھا کہ اللہ آسمان میں اور اللہ کی مخلوق زمین میں اس مولود کی حمد و ثناء کرے۔‘‘

پھر لکھتے ہیں:

’’ختنہ کے بارے میں تین قول ہیں: ایک قول تو یہ ہے کہ حضور مختون پیدا ہوئے، حاکم کہتے ہیں کہ آپ کے مختون پیدا ہونے میں احادیث متواتر ہیں۔

دوسرا قول یہ ہے کہ آپ کے جدِّ اَمجد عبد المطلب نے ولادت کے ساتویں روز آپ کی ختنہ کرائی جیسا کہ عرب میں دستور تھا کہ حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام کی سنت کے مطابق مولود کی ساتویں روز ختنہ کراتے تھے۔

تیسرا قول یہ ہے کہ حضرت حلیمہ سعدیہ کے یہاں آپ کی ختنہ ہوئی اور یہ قول ضعیف ہے۔

مشہور اور معتبر قول اول ہی کے دو قول ہیں اور ان دونوں قولوں میں تطبیق بھی ممکن ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم مختون ہی پیدا ہوئے، لیکن ختنہ کی تتمیم اور تکمیل عبد المطلب نے کی۔‘‘ 

(جلد نمبر 1، صفحہ نمبر 67)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144203200660

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں