بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رمضان میں ایک قضا نماز پڑھنے سے کتنی قضا نمازیں ادا ہوجاتی ہیں؟


سوال

 اگر رمضان میں کوئی قضاءِ عمری نمازیں ادا کرنا چاہتا ہو تو کیا ایک قضا  نماز ادا کرنے سے ستر قضا نمازیں ادا ہوں گی؟ اور اگر ادا ہوں گی تو  کیا ہم ایک کی نیت کریں یا ستر  قضاؤں کی نیت کریں؟

جواب

رمضان میں بھی ایک قضا  نماز پڑھنے سے ایک ہی قضا نماز ادا ہوتی ہے، اس لیے قضا نماز پڑھتے وقت ایک ہی نماز کی نیت کی جائے۔

رمضان المبارک میں ایک فرض ادا کرنے پر ستر فرض ادا کرنے کے ثواب کے حوالے سے روایت کا مطلب یہ ہے کہ اس مہینہ میں عبادات کا ثواب بڑھ جاتاہے، گویا ایک فرض ادا کرنے پر اتنا ثواب ملتاہے جتنا ستر فرض ادا کرنے کا ثواب ہو، نہ کہ ایک فرض ادا کرنے سے ستر فرض ادا ہوجاتے ہیں، یہ اسی طرح ہے جیساکہ حرمِ مکی میں ایک نماز ایک لاکھ نمازوں کے برابر اور مسجدِ نبوی میں ایک نماز ہزار نمازوں کے برابر ثواب کا درجہ رکھتی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ چند نمازیں حرم میں ادا کرکے باقی زندگی آدمی نمازوں کی ادائیگی سے فارغ ہوجائے، بلکہ مقصد ان مقامات کی فضیلت بیان کرنا ہے کہ ان کے علاوہ میں ایک نماز کی ادائیگی پر جتنا ثواب ملے گا، ان جگہوں پر ادا کرنے سے اس کا ثواب اتنا درجہ بڑھ جائے گا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109200531

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں