بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم سے نجات کا ہونے کے متعلق حدیث کی تحقیق


سوال

کیا درج ذیل قول حدیث شریف ہے:

’’رمضان کا پہلا عشرہ رحمت کا ہے، دوسرا عشرہ مغفرت کا ہے،  تیسرا عشرہ جہنم سے نجات کا ہے‘‘؟

جواب

رمضان المبارک کے فضائل کے بیان میں ایک طویل حدیث میں یہ بات وارد ہوئی ہے کہ رمضان المبارک کا پہلا حصہ نزولِ رحمت کا وقت، دوسرا حصہ بے بہا مغفرت کا وقت اور آخری حصہ آگ سے خلاصی کا وقت ہے۔ اور ظاہر ہے کہ جب ایک مہینے کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے تو ہر حصہ عشرہ ہی بنے گا، اس لیے عموماً یوں بیان کیا جاتاہے کہ پہلا عشرہ رحمت کاہے، دوسرا عشرہ مغفرت کا ہے اور تیسرا عشرہ جہنم/ آگ سے نجات کا۔   جیسا کہ صحیح ابن خزیمہ میں ہے:

صحيح ابن خزيمة ط 3 (2/ 911):
"وَهُوَ شَهْرٌ أَوَّلُهُ رَحْمَةٌ، وَأَوْسَطُهُ مَغْفِرَةٌ، وَآخِرُهُ عِتْقٌ مِنَ النَّارِ". 
( کذا  فی شعب الایمان للبیہقی) 

یعنی یہ ایسا مہینہ ہے جس کا اول رحمت ہے، درمیانی حصہ مغفرت ہے اور آخری حصہ جہنم سے خلاصی کا ہے۔

یہ بھی ملحوظ رہے کہ مذکورہ حدیث کے معنیٰ پر یہ اعتراض کرکے رد کرنا درست نہیں ہے کہ رمضان کے صرف پہلے عشرے میں رحمت، اور صرف دوسرے عشرے میں مغفرت، اور صرف تیسرے عشرے میں جہنم سے نجات  نہیں ہوتی، بلکہ پورے مہینے میں رحمت، مغفرت اور جہنم سے خلاصی ہوتی ہے، نہ کہ ہر چیز ایک عشرے کے ساتھ خاص ہوتی ہے۔ اسے یوں سمجھیے جیسے رمضان المبارک پورا مہینہ فضیلت کا مہینہ ہے اور کئی روایات کا قدرِ مشترک یہ نکلتاہے کہ اس مہینے میں بے شمار لوگوں کو جہنم سے خلاصی ملتی ہے، لیکن اس سے کوئی یہ نہیں سمجھتا کہ سال کے باقی مہینوں میں جہنم سے خلاصی نہیں ملتی،  بلکہ سال کے گیارہ مہینے بھی جہنم سے خلاصی ملتی ہے اور رمضان المبارک میں بھی ملتی ہے، مقصود وقت کی فضیلت بیان کرکے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کی دعا مانگنے کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109200700

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں