بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

راکھی بنانا اور اس کے عوض میں اجرت وصول کرنا


سوال

راکھی بنانے کا عوض لینا کیسا ہے؟

جواب

’’راکھی‘‘ کا معنیٰ ہے ’’ہاتھ رکشا‘‘، یعنی محافظت کرنے والا ڈورا، ہندو یہ رنگین ڈوراسلونو کے تہوار میں کلائی پر باندھتے ہیں۔

(از: فیروزاللغات، ر، ا،ص:۶۹۹، ط:فیروز سنز)

یہ تہوار ’’رکشا بندھن‘‘ کے نام سے ہندوؤں کے ہاں بہت معروف ہیں،  یہ  ساون کے مہینے میں منایا جاتاہے، اور ’’سلونو‘‘ کہلاتا ہے، چوں کہ راکھی بندھن یا رکشا بندھن یہ ہندوؤں کاایک مذہبی تہوار ہے،  اور کسی مسلمان کے لیے یہ جائز نہیں ہے کہ وہ   غیر مسلموں کے مذہبی تہوار میں ان کی کسی بھی طرح کی معاونت کرے؛ لہذا راکھی بنانا اور اس کی اجرت لےکر استعمال کرنا جائز نہیں ہے۔

اللہ تعالٰی کا ارشاد ہے:

" وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ" 

[المائدة: 2]

ترجمہ: "   ا ور گناہ اور زیادتی  میں ایک دوسرے کی اعانت مت کرو اور اللہ  تعالٰی سے ڈا کرو  بلا شبہ اللہ تعالٰی   سخت سزر دینے والے ہیں۔"

(از بیان القرآن)

المبسوط للسرخسي میں ہے:

"ولا تجوز الإجارة على شيء من الغناء والنوح والمزامير والطبل وشيء من اللهو؛ لأنه معصية والاستئجار على المعاصي باطل فإن بعقد الإجارة يستحق تسليم المعقود عليه شرعا ولا يجوز أن يستحق على المرء فعل به يكون عاصيا شرعا."

(کتاب الإجارة، ج:16، ص:38، ط:دار المعرفة)

امداد الفتاوی میں حکیم الامت مالانا اشرف علی تھانوی صاحب  ایک سوال کے جواب میں لکھتے ہیں:

"کفار کا مجمع مطلقًا معصیت نہیں ہے،بلکہ صرف جو کسی معصیت یا کفر کی غرض سے منعقد کیا جائے،ایسے مجمع کی شرکت و اعانت سب حرام ہے۔"

(امداد الفتاوی کتاب البیوع،ج:ص:140،ط:مکتبہ دارالعلوم کراچی)

فتاوی محمودیہ ایک سوال کے جواب  میں ہے:

"مذہب باطل اور عقیدہ باطلہ کی جس چیز سے اشاعت ہوتی ہے،اس کی تجارت ناجائز ہے۔"

(باب الصورۃ والملاھی،ج:19،ص:476،ط:دار الافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی)

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144307100511

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں