بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

ستائیس(۲۷) رجب کا روزہ اور اس کی نیت


سوال

رجب المرجب کے روزہ  کی نیت کیسے کریں؟

جواب

1-  رجب کا مہینہ حرمت والے مہینوں میں سے ہے، ان مہینوں میں عبادت کا ثواب زیادہ ہے، البتہ رجب کے مہینہ میں تخصیص کے ساتھ کسی دن روزہ رکھنا صحیح احادیث سے ثابت نہیں ہے، لہذا 27 رجب کو تخصیص کے ساتھ روزہ رکھنے  اور  اس رات شب بیدار رہ کر مخصوص عبادت کرنے  (مثلاً: صلاۃ الرغائب وغیرہ )  کا التزام درست نہیں ہے، اور اس کی جو فضیلت عوام میں مشہور ہے کہ اس روزہ کا ثواب ہزار روزے کے برابر ہے، یہ درست نہیں ہے؛  اس لیے اس دن کے روزے کو زیادہ ثواب کاباعث یا اس دن کے روزے  کے متعلق سنت ہونے کا اعتقاد صحیح نہیں ہے، علماءِ کرام نے اپنی تصانیف میں اس کی بہت تردید کی ہے،حافظ ابنِ حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے ”تبیین العجب بما ورد في فضل رجب“کے نام سے اس موضوع پر مستقل کتاب لکھی ہے، جس میں انہوں نے رجب سے متعلق پائی جانے والی تمام ضعیف اور موضوع روایات پر محدثانہ کلام کرتے ہوئے سب کو باطل کردیا ہے۔

حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمہ اللہ رجب کے مہینے میں ”تبارک“ اور27 رجب کو روزہ رکھنے کے متعلق فرماتے ہیں:

”اس امر کا التزام نا درست اور بدعت ہے“۔

(فتاویٰ رشید یہ مع تا لیفات رشید یہ،ص: 148)

حضرت مولانا مفتی عزیز الرحمن صاحب رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

”ستائیسویں رجب کے روزے کو جوعوام ہزارہ روزہ کہتے ہیں اور ہزارروزوں کے برابر اس کا ثواب سمجھتے ہیں، اس کی کچھ اصل نہیں ہے‘‘۔

(فتاوٰی دار العلوم مد لل و مکمل: 6/491۔ 492)

حضرت مولانا مفتی محمود حسن گنگوہی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

”ماہِ رجب میں تاریخِ مذکورہ میں روزہ رکھنے کی فضیلت پر بعض روایات وار دہوئی ہیں، لیکن وہ روایات محدثین کے نزدیک درجہ صحت کو نہیں پہنچیں۔ شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمہ اللہ نے ”ماثبت بالسنتہ“ میں ذکر کیا ہے۔ بعض بہت ضیعف ہیں اور بعض موضوع (من گھڑت) ہیں“۔

(فتاوٰی محمودیہ، 3/281،ادارہ الفاروق کراچی)

2۔۔  جاہلیت میں جس انداز سے رجب کی تعظیم کی جاتی تھی اس کے پیشِ نظر حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ نے اس دن روزہ رکھنے سے منع فرمایا، خرشہ بن الحر سے روایت ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ رجب کا روزہ رکھنے پر لوگوں کی ہتھیلیوں پر مارتے تھے، یہاں تک وہ اپنا ہاتھ  کھانے میں ڈال دیتے تھے، (یعنی اپنے سامنے لوگوں سے روزہ افطار کروادیتے تھے) اور آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا : رجب!  اور  رجب کیا ہے؟ رجب تو ایک مہینہ ہے  جس کی جاہلیت میں تعظیم کی جاتی تھی، پھر جب اسلام آیا تو اس کی جاہلیت والی عظمت کو ترک کردیا گیا۔

ایک روایت  میں  ہے کہ آپ ﷺ سے رجب کا روزہ رکھنے کے بارے میں پوچھا گیا کہ تو  آپ ﷺ نے فرمایا: تم شعبان کا روزہ کیوں نہیں رکھتے؟

خلاصہ یہ کہ رجب کے روزہ کی ممانعت جاہلیت کی تعظیم والے پہلو کے پیشِ نظر ہے یا اس روزے کو  لازم یا زیادہ فضیلت کا باعث سمجھ کر رکھنے کی وجہ سے ہے، اگر کسی شخص کی عادت  (مثلاً) پیر اور جمعرات کے روزے رکھنے کی ہو اور 27 رجب پیر یا جمعرات کو آجائے تو ایسے شخص کے لیے اس دن روزہ رکھنے میں حرج نہیں ہوگا اور ایسا شخص صرف نفل روزے کی نیت کرکے ہی اس دن کا روزہ رکھے گا، اس روزے کی مخصوص نیت نہیں ہوگی۔

حضرت زید بن اسلم رضی اللہ عنہ سے مصنف عبدالرزاق میں منقول ہے کہ رسول اللہ ﷺ  کے سامنے بعض ایسے لوگوں کا ذکر کیا گیا جو رجب میں روزہ رکھتے ہیں تو آپ ﷺ نے فرمایا: "وہ شعبان سے کہاں غافل ہیں!"

كنز العمال (8/ 653):

"24580- عن خرشة بن الحر قال: "رأيت عمر بن الخطاب يضرب أكف الرجال في صوم رجب حتى يضعوها في الطعام، فيقول: رجب وما رجب! إنما رجب شهر كانت تعظمه الجاهلية فلما جاء الإسلام ترك". "ش طس".

مصنف ابن أبي شيبة (2/ 345):

"حدثنا أبو معاوية، عن الأعمش، عن وبرة، عن عبد الرحمن، عن خرشة بن الحر، قال: رأيت عمر يضرب أكف الناس في رجب، حتى يضعوها في الجفان، ويقول: كلوا، فإنما هو شهر كان يعظمه أهل الجاهلية ".

مصنف ابن أبي شيبة (2/ 345):

"حدثنا وكيع، عن سفيان، عن زيد بن أسلم، قال: سئل رسول الله صلى الله عليه وسلم، عن صوم رجب فقال: «أين أنتم من شعبان»؟"

عمدة القاري شرح صحيح البخاري (10/ 256):

" وكراهية ابْن عمر صَوْم عَاشُورَاء نَظِيره كَرَاهِيَة من كره صَوْم رَجَب إِذا كَانَ شهراً يعظمه الْجَاهِلِيَّة فكره أَن يعظم فِي الْإِسْلَام مَا كَانَ يعظم فِي الْجَاهِلِيَّة من غير تَحْرِيم صَوْمه على من صَامَهُ". 

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144207201488

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں