رزق میں برکت کے لیے سورۂ واقعہ پڑھی جا تی ہے۔ یہ بتائیں کہ سورة واقعہ کا پڑھنا بعد نماز مغرب افضل ہے یا بعد نماز عشاء ؟
حدیث شریف میں سورۂ واقعہ کی یہ فضیلت وارد ہے:
حضرت ابن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص رات میں سورۂ واقعہ پڑھتا ہے وہ کبھی بھی فاقہ کی حالت کو نہیں پہنچتا، حضرت ابن مسعود ؓ اپنی صاحب زادیوں کو حکم دیا کرتے تھے کہ وہ ہر رات میں یہ سورت پڑھا کریں۔
البتہ کوئی مخصوص وقت حدیث میں منقول نہیں ہے، اس لیے رات کو مغرب یا عشاء کے بعد جس وقت بھی سورہ واقعہ کی تلاوت کرلی جائے، حدیث میں مذکور فضیلت حاصل ہوجائے گی۔
مشكاة المصابيح (1/ 668):
"وَعَنِ ابْنِ مَسْعُودٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ قَرَأَ سُورَةَ الْوَاقِعَةِ فِي كُلِّ لَيْلَةٍ لَمْ تُصِبْهُ فَاقَةٌ أَبَدًا» . وَكَانَ ابْنُ مَسْعُودٍ يَأْمُرُ بَنَاتَهُ يَقْرَأْنَ بهَا فِي كل لَيْلَة. رَوَاهُ الْبَيْهَقِيّ فِي شعب الْإِيمَان".
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144202201079
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن