بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قیامت میں سب سے پہلے کس چیز کا سوال ہوگا؟ اورایک بات کی تحقیق


سوال

قیامت کے دن  شوہر سے سب سے پہلا سوال بیوی سے حسن سلوک کے بارے میں ہوگا،جوعورت شوہر کےکہےبغیر شوہر کے پاوں دبائے اسے 5یا7 تولہ سونا صدقہ کرنے کا اجر ملتا ہے، اورجو عورت شوہرکے کہنے پر اس کے پاوں دبائے 5یا7تولہ چاندی صدقہ کرنے کا اجر ملتا ہے کیا یہ باتیں صحیح ہیں؟

جواب

اسلام میں میاں بیوی کو ایک دوسرے کے حقوق اور اپنے فرائض ادا کرنے کی بہت تاکید کی گئی ہے، اور اس بارے میں عمل پیرا ہونے والوں کے لیے خوش خبریاں  ہیں اور کوتاہی کرنے والوں کے وعیدیں بھی ہیں؛ لہذا میاں بیوی کو چاہیے کہ خوش اسلوبی سے ایک دوسرےکےحقوق ادا کریں اور خوش دلی سے ا پنے فرائض پورے کریں، تاکہ خوش خبریوں کے مستحق ٹھہریں اور وعیدوں سے محفوظ رہ سکیں۔

باقی سائل کایہ کہناکہ "قیامت کےدن سب سے پہلےشوہرسے بیوی کے ساتھ حسن سلوک کےبارے میں سوال ہوگا"،ان الفاظ سے یا اس معنی کی کوئی روایت  ہمیں نہیں ملی؛ اسی طرح یہ بات کہ "جو عورت شوہرکےکہےبغیراپنےشوہرکےپاؤں دبائےاسے5یا7 تولہ سوناصدقہ کرنےکااجرملتاہے،اورجوعورت شوہرکےکہنےپراپنےشوہرکےپاوں دبائےاسے 5یا7 توچاندی صدقہ کرنےکااجرملتاہے "، اس کے متعلق بھی ہمیں کتبِ حدیث میں کوئی حدیث نہیں ملی۔

مشکاۃ المصابیح میں ہے:

"وعن أنس قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: المرأة إذا صلت خمسها وصامت شهرها وأحصنت فرجها وأطاعت بعلها فلتدخل من أي  أبواب الجنة شاءت. رواه أبو نعيم في الحلية".

(‌‌كتاب النكاح، ‌‌باب عشرة النساء، ج:2، ص:971، ط: المكتب الإسلامي)

ترجمہ:  حضرت انس  رضی اللہ عنہ  کہتے ہیں کہ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس عورت نے  (اپنی پاکی کے  دنوں میں پابندی کے ساتھ) پانچوں وقت کی نماز پڑھی،  رمضان کے  (ادا اور قضا) رکھے،  اپنی شرم گاہ کی حفاظت کی  اور اپنے خاوند  کی فرماں برداری کی  تو (اس عورت کے لیے یہ بشارت ہےکہ) وہ جس دروازہ سے چاہے جنت میں داخل ہوجائے۔

(مظاہر حق، ج:3،ص:366،ط: دارالاشاعت،کراچی )

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144501101788

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں