بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قرآن پکا کرنے والی مایوس شادی شدہ خاتون کے لیے رہنمائی


سوال

میں نے حفظ کیا ہے، جب کیا تھا  اس وقت بھی پکا نہیں تھا، پھر شادی ہوگئی اور اس کے بعد اور بھی کچا ہوگیا۔ اب بے چینی ہے، دل کرتا ہے قرآن پکا کروں، لیکن جب لے کر بیٹھتی ہوں تو میرا دل نہیں لگتا، پھر مایوس ہو کر چھوڑ دیتی ہوں۔ آپ رہنمائی کریں۔

جواب

واضح ہو کہ نیک اعمال میں شیطان کی طرف سے رکاوٹ ڈالنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ وہ نیکی کرنے والے کو نیکی یا اس کے ثمرات سے مایوس کر دیتا ہے تاکہ مسلمان اس نیکی کو چھوڑ دے۔ نیز یہ بھی واضح ہو کہ اللہ کے یہاں کسی بھی نیکی کی کوشش کرنے والے کی بہت قدر و منزلت ہے، چاہے کوشش کرنے والا اس نیکی میں اعلی درجہ نہ پا سکے، لیکن اس کی نیت اور کوشش اللہ کو بہت پسند ہے۔ پھر اگر نیکی قرآن پاک کی تلاوت کا معمول بنانا اور اس کو حفظ کرنا ہو، تو اس نیکی کا اللہ سے براہِ راست تعلق ہے اور یہ عام نیکیوں سے بڑھ کر ہے!

صورت مسئولہ میں آپ اپنے آپ کو قرآن کی تلاوت کا معمول بنانے اور اسے پکا کرنے کی کوشش کرنے کا پابند سمجھیں، اس پر نظر نہ رکھیں کہ آپ کی گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ آپ اس میں کامیاب ہوں گی یا نہیں، اس طرح ان شاء اللہ  جو شیطان کی طرف سے آپ کو مایوسی کی کیفیت لاحق ہے، وہ ختم ہوجائے گی۔  اور آپ کی مستقل مزاجی اور ہمت کے نتیجے میں آپ کچھ عرصے بعد اپنا قرآن کا حفظ بہتر محسوس کرنے کے ساتھ اس کے دنیوی فوائد کا بھی مشاہدہ کریں گی۔

قرآن پاک پکا کرنے کی ترتیب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ روزانہ کچھ وقت مختص کر کے اس میں دہرائیں۔ اور بہتر ہے کہ کسی ایسی معلمہ کی نگرانی میں اس کی ترتیب بنائیں جو روزانہ یا چند دنوں بعد آپ کا جائزہ بھی لے لیا کرے۔

روح البيان  میں ہے :

"يَتَّقِ اى يفعل التقوى فى جميع أحواله أو يقي نفه عما يوجب سخط الله وعذابه وَيَصْبِرْ على المحن كمفارقة الأوطان والأهل والعشائر والسجن ونحوها او على مشقة الطاعات او عن المعاصي التي تستلذها النفس فَإِنَّ اللَّهَ لا يُضِيعُ أَجْرَ الْمُحْسِنِينَ اى أجرهم وانما وضع المظهر موضع المضمر للتنبيه على ان المحسن من جمع بين التقوى والصبر."

(سورة يوسف، آية 90، ج4، ص313، دار الفكر)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144406101455

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں