بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

قرآنِ کریم میں تہجد کی نماز کا ذکر


سوال

نماز تہجد کا ذکر قرآن مجید میں کتنی سورتوں میں آیا ہے؟

جواب

تہجد کا ذکر قرآنِ مجید کے درجِ ذیل سورتوں میں آیا ہے:

سورہ سجدہ آیت نمبر سولہ (16) میں ہے:

"تتجافى جنوبهم عن المضاجع يدعون ربهم خوفا وطمعا ومما رزقناهم ينفقون (16)"

"ترجمہ: ان کے پہلو خوابگاہوں سے الگ ہوتے ہیں اس طور پر کہ وہ لوگ اپنے رب کو امید سے اور خوف سے پکارتے ہیں اور ہماری دی ہوئی چیزوں میں سے خرچ کرتے ہیں۔"

(سورۃ السجدۃ، رقم الآیۃ:16، ترجمہ: بیان القرآن)

سورۃ الذاریات آیت نمبر سترہ/ اٹھرہ (17/18) میں ہے:

"كانوا قليلا من الليل ما يهجعون (17) وبالأسحار هم يستغفرون (18)"

"ترجمہ: وہ لوگ رات کو بہت کم سوتے تھے، اور آخیر شب میں استغفار کیا کرتے تھے۔ "

(سورۃ الذاریات، رقم الآیۃ:17/ 18، ترجمہ: بیان القرآن)

سورۃ الفرقان آیت نمبر چونسٹھ (64) میں ہے:

"والذين يبيتون لربهم سجدا وقياما (64)"

"ترجمہ: اور جو راتوں کو اپنے رب کے آگے سجدہ اور قیام (یعنی نماز) میں لگے رہتے ہیں۔ "

(سورۃ الفرقان، رقم الآیۃ:64، ترجمہ: بیان القرآن)

سورۃ الزمر آیت نمبر  نو (9) میں ہے:

" أمن هو قانت آناء الليل ساجدا وقائما يحذر الآخرة ويرجوا رحمة ربه قل هل يستوي الذين يعلمون والذين لا يعلمون إنما يتذكر أولوا الألباب (9)"

"ترجمہ: بھلا جو شخص اوقات شب میں سجدہ و قیام (یعنی نماز) کی حالت میں عبادت کر رہا ہو آخرت سے ڈر رہا ہو اور اپنے پروردگار کی رحمت کی امید کر رہا ہو آپ کہیے کہ کیا علم والے اور جہل والے کہیں برابر ہوتے ہیں وہی لوگ نصیحت پکڑتے ہیں جو اہل عقل سلیم ہیں۔"

(سورۃ الزمر، رقم الآیۃ:9، ترجمہ: بیان القرآن)

سورۃ طٰہٰ آیت نمبر ایک سو تیس (130) میں ہے:

"ومن آناء الليل فسبح وأطراف النهار لعلك ترضى (130)"

"ترجمہ: اور اپنے رب کی حمد کے ساتھ (اس کی) تسبیح کیجیئے (اس میں نماز بھی آگئی) آفتاب نکلنے سے پہلے اور اس کے غروب سے پہلے اور اوقات شب میں (بھی) تسبیح کیا کیجیئے (مثلاً نماز مغرب عشاء) اور دن کے اول و آخر میں تاکہ (آپ کو جو ثواب ملے) آپ (اس سے) خوش ہوں۔"

(سورۃ طٰہٰ، رقم الآیۃ:130، ترجمہ: بیان القرآن)

سورۃ المزمل آیت نمبر چھ (6) میں ہے:

"إن ناشئة الليل هي أشد وطئا وأقوم قيلا (6)"

"ترجمہ: بیشک رات کے اٹھنے میں دل اور زبان کا خوب میل ہوتا ہے اور بات خوب ٹھیک نکلتی ہے۔ "

(سورۃ المزمل، رقم الآیۃ:6، ترجمہ: بیان القرآن)

سورۃ المزمل آیت نمبر بیس (20) میں ہے:

"إن ربك يعلم أنك تقوم أدنى من ثلثي الليل ونصفه وثلثه وطائفة من الذين معك"

"ترجمہ: آپ کے رب کو معلوم ہے کہ آپ اور آپ کے ساتھ والوں میں سے بعضے آدمی (کبھی) دوتہائی رات کے قریب اور (کبھی) آدھی رات اور (کبھی) تہائی رات (نماز میں) کھڑے رہتے ہیں۔ "

(سورۃ المزمل، رقم الآیۃ:20، ترجمہ: بیان القرآن)

سورۃ بنی اسرائیل آیت نمبر اناسی (79) میں ہے:

"ومن الليل فتهجد به نافلة لك عسى أن يبعثك ربك مقاما محمودا (79)"

"ترجمہ: اور کسی قدر رات کے حصے میں سو اس میں تہجد پڑھا کیجیے جو کہ آپ کے لیے زائد چیز ہے امید ہے کہ آپ کا رب آپ کو مقام محمود میں جگہ دے گا۔ "

(سورۃ الاسراء، رقم الآیۃ:79، ترجمہ: بیان القرآن)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144501100872

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں