موبائل سے قرآنِ کریم کا ترجمہ سننے پر کتنا ثواب ہے عدد کے اعتبار سے؟
قرآن مجید کا براہِ راست کسی قاری سے سننا بڑا ثواب کا کام ہے، خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بعض صحابہ سے قرآن کا سننا منقول ہے، پھر قرآن مجید کے پڑھنے سے متعلق تو نصوص میں صراحت موجود ہے کہ قرآن مجید کے ایک حرف کے پڑھنے پر دس نیکیاں ملتی ہیں، لیکن قرآن مجید کے ترجمہ سننے سے متعلق ایسی کوئی صراحت موجود نہیں ہے، اس لیے تعیین کے ساتھ نہیں کہا جا سکتا کہ کتنا ثواب ملتا ہے، لیکن قرآنِ مجید کے مفاہیم سمجھنے کی غرض سے جو شخص ترجمہ قرآن سنے گا اُس کو ثواب ضرور ملے گا۔
لیکن کوشش کر کے براہِ راست کسی مستند عالمِ دین سے ہی ترجمہ سننا چاہیے، موبائل پر آنے والے ہر ترجمہ بیان کرنے والے کا ترجمہ سننے سے اجتناب کرنا چاہیے، خصوصاً اگر ویڈیو بیان ہو، کیوں کہ جان دار کی ویڈیو بنانے کی طرح دیکھنا بھی گناہ ہے، اس لیے اس سے بچنا ضروری ہو گا۔
المستدرك على الصحيحين للحاكم (1/ 755):
"عن عبد الله قال: «إن أصفر البيوت بيت ليس فيه من كتاب الله شيء، فاقرءوا القرآن، فإنكم تؤجرون عليه بكل حرف عشر حسنات، أما إني لا أقول الم، ولكني أقول ألف، ولام، وميم» . قد رفعه غيره عن الدشتكي، حدثناه أبو سعيد أحمد بن يعقوب الثقفي، ثنا عبد الله بن عبد الرحمن بن عبد الله الدشتكي، ثنا أبي، ثنا عمرو بن أبي قيس، عن عاصم، عن أبي الأحوص، عن عبد الله رضي الله عنه، عن النبي صلى الله عليه وسلم نحوه. «هذا حديث صحيح الإسناد ولم يخرجاه»."
مسند أحمد ت شاكر (3/ 508):
"عن عبد الله) قال: قال النبي صلى الله عليه وسلم: "اقرأ عليَّ"، قال: قلت: أقرأ عليك وعليك أُنزل؟، قال: "إني أُحبُّ أن أسمعه من غيري"، فقرأت، حتىِ إذا بلغتُ {فَكَيْفَ إِذَا جِئْنَا مِنْ كُلِّ أُمَّةٍ بِشَهِيدٍ وَجِئْنَا بِكَ عَلَى هَؤُلَاءِ شَهِيدًا} قال: رأيتُ عينيه تَذرِفان دموعاً."
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144206201007
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن