بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

قرآن کی ہر سطر پر انگلی رکھ کر کلمہ پڑھنا


سوال

میری پھوپھی جن کی عمر 75 سال ہے، وہ پڑھی لکھی نہیں ہیں اور قرآن نہیں پڑھ سکتیں۔ کسی کے بتانے پر کلمے کا قرآن پڑھتی ہیں،  یعنی ہر سطر پر انگلی رکھ  کر کلمہ پڑھتی ہیں جب کہ قرآن کے تمام حروف کو لکھے ہوئے کے علاوہ پڑھنا گناہ ہے، چاہے زبر کی جگہ زیر پڑھا جائے؛ لہذا اس مسئلہ پر روشنی ڈال دیں!

جواب

اگر مذکورہ عمل قرآن کی تعظیم اور کلمہ کے ذکر کی نیت سے کیا جائے تو اس سے گناہ نہیں ہوگا، بلکہ کلمہ کے ذکر کا ثواب ملے گا اور قرآن کی تعظیم،  نیز اسے دیکھنے کا ثواب بھی ملے گا۔  تاہم قرآن پڑھنا نہ آتا ہو، لیکن اب احساس ہوگیا اور اس حسرت سے قرآن کے ساتھ  ایک گونہ تعلق قائم کرنے کی کوشش کرنے پر اللہ کے مزید قرب کی امید ہے۔  بہر حال جس قدر ممکن ہو، قرآن پاک کی تلاوت سیکھنے میں وقت صرف کیا جائے تو حدیث کے مطابق دہرا اجر ملے گا۔

یہ بات درست ہے کہ قرآنِ پاک کے الفاظ کو بدلنے یا غلط پڑھنے کی اجازت نہیں ہے، زبر زیر یا سکون و حرکت بھی جان کر کوئی بدلے گا تو وہ سخت گناہ گار ہوگا، اور معنیٰ میں ایسا فساد آیا جس سے عقیدہ خطرے میں پڑے یا قرآن میں تبدیلی کو جائز سمجھتا ہو تو ایسے شخص کا ایمان خطرے میں ہے۔

البتہ مذکورہ صورت میں ان خاتون کو بھی پتا ہے کہ مجھے قرآنِ مجید پڑھنا نہیں آتا، اور لوگوں کو بھی علم ہے کہ یہ قرآنِ مجید نہیں پڑھ رہیں، ایسی صورت میں یہ قرآن کے کلمات تبدیل کرنا نہیں ہے۔

صحيح مسلم (1 / 549):
 قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «الماهر بالقرآن مع السفرة الكرام البررة، والذي يقرأ القرآن ويتتعتع فيه، وهو عليه شاق، له أجران» .

ترجمہ: رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: قرآنِ مجید کا ماہر مقربین فرشتوں کے ساتھ ہوگا، اور جو شخص قرآن پڑھتے ہوئے اٹکے اور (درست تلفظ کی) ادائیگی اس پر شاق گزرے، اس کے لیے دو اجر ہیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109200932

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں