بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

انٹرنیٹ کے ذریعہ قرآن پاک اور دیگر دینی علوم کی آن لائن تعلیم دینے اور اس پر اجرت لینے کا حکم


سوال

انٹرنیٹ online ویڈیو یا آڈیو قرآنِ پاک یا دین اسلام کی تعلیم دینا اور اجرت لینا کیسا هے؟

جواب

قرآن کی تعلیم  کسی مستند قاری سے  بالمشافہہ حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، اسی طرح قرآن پڑھانے والے کو  بھی انٹرنیٹ کے بجائے آمنے سامنے بیٹھ کر لوگوں کو پڑھانا چاہیے، اس طریقہ  میں برکت بھی ہے اور یہ تعلیمی افادہ اور استفادہ کے لیے موزوں بھی ہے، تاہم اگر کوئی ضرورت ہو یعنی کسی جگہ صحیح قرآن  پڑھانے والا دست یاب نہ ہو یا اور کوئی عذر ہو   اور انٹرنیٹ کے ذریعے قرآن پڑھایا جائے، یہ جائز ہے اور اس پر مقررہ اجرت لینا بھی جائز ہوگا، لیکن  اس میں  درج ذیل باتوں کی رعایت رکھنی ضروری ہے:

1)  قرآن کی تعلیم کے لیے ویڈیو کالنگ کا استعمال نہ کیا جائے، اس لیے کہ ویڈیو کالنگ شرعاً تصویر کے حکم میں ہے، البتہ اگر ویڈیو کالنگ میں جان دار کی تصاویر سامنے نہ لائی جائیں، بلکہ ویڈیو میں قرآن مجید کو سامنے رکھ لیا جائے  تو اس طرح پڑھانا جائز ہوگا۔

2) قریب البلوغ لڑکیوں اور بالغہ خواتین کو مرد قاری پڑھانے سے اجتناب کرے۔

ان شرائط کے ساتھ آن لائن قرآن کی تعلیم دینا اور اس کی اجرت لینا جائز ہے۔

یہی حکم دین اسلام کے دیگر علوم کی آن لائن تعلیم دینے اور اس پر اجرت لینے  کا بھی ہے۔

البحر الرائق شرح كنز الدقائق  (8/ 22):

"قال - رحمه الله -: "(والفتوى اليوم على جواز الاستئجار لتعليم القرآن) ، وهذا مذهب المتأخرين من مشايخ بلخ استحسنوا ذلك، وقالوا: بنى أصحابنا المتقدمون الجواب على ما شاهدوا من قلة الحفاظ ورغبة الناس فيهم؛ ولأن الحفاظ والمعلمين كان لهم عطايا في بيت المال وافتقادات من المتعلمين في مجازات التعليم من غير شرط، وهذا الزمان قل ذلك واشتغل الحفاظ بمعائشهم فلو لم يفتح لهم باب التعليم بالأجر لذهب القرآن فأفتوا بالجواز، والأحكام تختلف باختلاف الزمان". 

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144201200314

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں