بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قرض خواہ کے انتقال کے بعد اس کے بیٹوں کو قرض ادا کرنا


سوال

میں تقریباً 13 سال پہلے سیمنٹ سپلائی کا کام کرتا تھا ،کچھ وجوہات کی بنا پر مجھے نقصان پہنچا اور میں نے اس کاروبار کو بند کردیا۔ جس کی وجہ سے مجھ پر کچھ لوگوں کا قرضہ ہو گیا۔ جو کہ میں اپنے اس قرض کو قسطوں سے اب تک مسلسل ہر ماہ باقاعدگی سے ادا کر رہا ہوں۔ میرے اوپر جن لوگوں کا قرض تھا ان میں سے کچھ لوگ انتقال کر گئے ہیں اور ان میں سے دو لوگوں کے بیٹوں سے رابطہ کر کے قرض کی ادائیگی کر رہا ہوں۔ مجھے یہ معلوم کرنا ہے کیا میرا قرض ادا ہو رہا ہے کہ نہیں؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں  جن لوگوں نے سائل کو قرض دیا تھا ان کے انتقال کے بعد جس طرح  ان کے ترکہ میں تمام ورثاء کاحق ہےاِسی طرح  ان مرحومین کی مذکورہ رقم جو کہ سائل پر قرض ہے اس میں بھی تمام ورثاء کا اپنے شرعی حصوں کے اعتبار سےحق ہے،لہذاجن مرحومین کے ورثاء سے سائل کا رابطہ ہے اور سائل ان کے ورثاء میں سے ان کے بیٹوں کو قرض ادا کررہا ہے تویہ درست ہے ، البتہ انہیں یہ بتادیا جائے کہ اس میں ان  کے والد مرحوم کے تمام ورثاء کا حق ہے ، لہذا مرحومین کے دیگر ورثاء کااگر ایک وارث پر (مثلاً اسی بیٹے پرجن کو سائل قرض ادا کررہاہے)اتفاق ہو، تو سائل اسی کو قرض لوٹاتارہے اور وہ دیگر ورثاء کا حصہ انہیں ادا کرتا رہے،اور اگرورثاء کا کسی ایک شخص پر اتفاق نہ ہو یا اس بات کا اندیشہ ہو کہ جس بیٹے کو سائل قرض لوٹارہاہے وہ دیگر ورثاء کا حصہ نہیں دے گا تو اس صورت میں سائل کو چاہیے کہ ایک بیٹے کے بجائے مرحومین کے دیگر ورثاء کا معلوم کرکے ہر وارث کو اس کا حصہ دے دے،اور رقم ادا کرتے وقت احتیاطاً دوگواہ بھی مقرر کرلے تاکہ بعد میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

الفقہ الاسلامی وادلتہ میں ہے:

‌‌"الإرث لغة: بقاء شخص بعد موت آخر بحيث يأخذ الباقي ما يخلفه الميت. وفقهاً: ما خلفه الميت من الأموال والحقوق التي يستحقها بموته الوارث الشرعي."

(الفصل الأول، تعریف علم المیراث،10/ 7697،ط:دار الفکر)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144502100656

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں