بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

22 شوال 1445ھ 01 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

قومہ کی حالت میں آستین نیچے کرنے کا حکم


سوال

قومہ کی حالت میں نمازی کا اپنے دونوں ہاتھوں کی آستین کا نیچے کرنا ، کیایہ عمل ِکثیر ہو گا؟ جس سے نماز فاسد ہو جائے گی ، جب کہ عام طور پر لوگ ایسا کرتے ہیں؟

جواب

نماز کے دوران عملِ  کثیر کا ارتکاب کرنے سے نماز فاسد ہوجاتی ہے، عملِ کثیر  کی تعریف میں فقہاءِ کرام کے متعدد اقوال ہیں، مفتیٰ بہ اور راجح قول یہ ہےكه جس کو (مصلی) نمازی عملِ کثیر سمجھے وہ عملِ کثیر ہے ،اور جس کو (مصلی)عملِ کثیر نہ سمجھے وہ عملِ کثیر نہیں ہے ،اور نہ ہی  ایسے عمل  سےنماز فاسد ہو گی ۔

لهذا صورتِ مسئوله ميں  اگر کسی نمازی کی آستین اوپر ہونے کی وجہ سے  نماز میں قومہ کی حالت میں نیچے کر لیتا ہے ،تو چوں کہ اس کا  یہ  عمل اصلاحِ نماز کے لیے ہے ،لہذا نماز فاسد نہیں ہوتی، علامہ شامی نے لکھا ہے کہ اگر آستین اوپر ہونے کی حالت میں نماز میں شامل ہوا ،تو اس کو چاہیے کہ عملِ قلیل سے ان کو نیچے کر لے، نیز اس عملِ کو کوئی نمازی عملِ  کثیر نہیں سمجھتا،اس لیے اس سے نماز فاسد نہیں ہو گی ،البتہ  نماز میں شامل ہونے سے پہلے آستین نیچے کر لینی چاہییں ۔

فتاویٰ شامی میں ہے:

"(و) يفسدها (كل عمل كثير) ليس من أعمالها ولا لإصلاحها، وفيه أقوال خمسة أصحها ۔۔۔

الخامس التفويض إلى رأي المصلي، فإن استكثره فكثير وإلا فقليل قال القهستاني: وهو شامل للكل وأقرب إلى قول أبي حنيفة، فإنه لم يقدر في مثله بل يفوض إلى رأي المبتلى. "

(کتاب الصلوۃ ،1/ 624،ط:سعید)

وفیہ ایضا:

"قال في القنية: واختلف فيمن صلى وقد شمر كميه لعمل كان يعمله قبل الصلاة أو هيئته ذلك اهـ ومثله ما لو شمر للوضوء ثم عجل لإدراك الركعة مع الإمام. وإذا دخل في الصلاة كذلك وقلنا بالكراهة فهل الأفضل إرخاء كميه فيها بعمل قليل أو تركهما؟ لم أره: والأظهر الأول بدليل قوله الآتي ولو سقطت قلنسوته فإعادتها أفضل تأمل."

(كتاب الصلوة، باب مايفسد الصلوة ومايكره فيها، ج:1، ص:640، ط:ايج ايم سعيد)

فقط والله اعلم 


فتوی نمبر : 144506100283

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں