بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

قسطوں پر رہائش کی نیت سے لیے گئے مکان کی زکوۃ کا حکم


سوال

میں نے ایک فلیٹ تین سال کی ماہانہ اقساط پر خریدا ہے۔کل قیمت (۱۰۹۰۰۰۰۰) روپے  ہے، جوتین سال میں تعمیرہوگا۔ جس کی تیس فی صد کے حساب سے(۳۲۶۸۰۰۰)  اور ایک ماہ کی قسط (۱۸۱۵۷۰ ) روپے مارچ ۲۰۲۲ کے پہلے ہفتے میں ادا کر چکا ہوں۔  کیا اس فلیٹ جس کو میں اپنے رہنے کے لیے خرید رہا ہوں، اس  پر زکوة لازم ہو گی یا نہیں؟ اور اگر ہوگی تو کس رقم پر ہوگی؟

جواب

جب تک مذکورہ فلیٹ کا کم از کم اسٹرکچرتعمیر نہیں ہوجاتا اس وقت تک آپ کے معاہدہ کی حیثیت وعدہ بیع کی ہے، اس لیے فلیٹ کی تعمیر سے پہلے آپ جتنی بھی رقم جمع کرائیں گے اس کی حیثیت امانت کی ہوگی اور وہ پیسے آپ کی ملکیت میں ہونے کی وجہ سے آپ پر ان پیسوں کی زکوۃ ادا کرنا لازم ہوگی،چنانچہ اگر مکان کا اسٹرکچر تعمیر نہیں ہوا تو جمع کرائی گئی رقم کی زکوۃ ادا کرنا آپ کے ذمہ لازم ہے۔

اور اگر اس مکان کا اسٹرکچر تعمیر ہو چکا ہے تو یہ مکان آپ کی ملکیت میں داخل ہو چکا ہے اور جمع کرائے گئے پیسے آپ کی ملکیت سے نکل چکے، اور چونکہ یہ مکان آپ نے رہائش کی نیت سے خریدا ہے اس لیے ان جمع کرائے گئے پیسوں کی اور اس مکان کی زکوۃ ادا کرنا آپ کے ذمہ نہیں۔

اور مذکورہ صورت میں اس رقم کا مالک چونکہ بلڈر ہے لہذا اگر بلڈر کے پاس یہ رقم موجود ہو اور نصاب کے بقدر ہو تو دیگر شرائطِ زکوۃ کی موجودگی میں اُس پر اِس رقم کی زکوۃ کی ادائیگی لازم ہو گی۔

فتاوی شامی میں ہے:

"(وسببه) أي سبب افتراضها (ملك نصاب حولي) ... (فارغ عن دين له مطالب من جهة العباد) ... (و) فارغ (عن حاجته الأصلية)؛ لأن المشغول بها كالمعدوم. وفسره ابن ملك بما يدفع عنه الهلاك تحقيقاً كثيابه أو تقديراً كدينه (نام ولو تقديراً) بالقدرة على الاستنماء ولو بنائبه (فلا زكاة على مكاتب) ... (وأثاث المنزل ودور السكنى ونحوها) وكذا الكتب وإن لم تكن لأهلها إذا لم تنو للتجارة."

 (کتاب الزکوۃ، 2/ 259، ط:سعيد)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144308100977

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں