بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قسطوں پر خریداری کی ایک صورت کا حکم


سوال

زاہد اپنی موٹر سائیکل حامدکو اقساط پر فروخت کرتا ہے،  حامد چاہتا ہے کہ اسے موٹر  سائیکل ایک سال کی اقساط پر اسی ہزار کی مل جائے،  زاہد اسے کہتا ہے میں آپ کو پندرہ مہینے کی مدت کے لیے پچیاسی ہزار کا بیچتا ہوں،  اگر ایک سال میں ا دا  کر دیے  تو اسی ہزار لے لوں گا، ایسا کرنا درست ہے؟

جواب

واضح رہے کہ قسطوں پر خرید و فروخت کے  صحیح ہونے کے لیے درج ذیل  شرائط کا لحاظ رکھنا   اور اُن کی  رعایت کرنا ضروری ہے :

  • معاملہ متعین ہو کہ نقد کا معاملہ کیا جارہا ہے یا ادھار۔
  • مجموعی قیمت متعین ہو۔
  • قسط کی رقم متعین ہو۔
  • مدت متعین ہو۔
  • کسی قسط کی ادائیگی میں تاخیر کی صورت  جرمانہ یا کسی بھی عنوان سے  اس  میں اضافہ   وصول نہ کیا جائے ،  نیز قبل از وقت قسط کی ادائیگی کی صورت میں قیمت میں کمی کی شرط نہ ہو، اگر بوقتِ عقد  ان دونوں میں سے کوئی شرط ہوگی تو پورا معاملہ ہی فاسد ہوجائے گا۔

صورتِ مسئولہ میں چوں کہ معاملہ میں یہ صراحت کی جا رہی ہے کہ پندرہ ماہ میں ادائیگی کی صورت میں پچیاسی ہزار ادا کرنا ہوں گے اور  اس سے قبل ادائیگی کی صورت میں پانچ ہزار کم کر دیے جائیں گے اور یہ شرط خلافِ شرع ہے،  اس لیے یہ معاملہ درست نہیں ہے۔

درست طریقہ یہ ہے کہ رقم کی ادائیگی کے لیے  ایک مدت متعین کی جائے اور ایک قیمت متعین کی جائے،ایسا کرنے سے معاملہ درست  ہو جائے گا۔

درر الحكام شرح مجلة الأحكام (1/ 110):

"( المادة 157 ) التقسيط تأجيل أداء الدين مفرقا إلى أوقات متعددة معينة . هذا التعريف هو تعريف التقسيط الشرعي وأما تعريفه اللغوي : فهو تجزئة الشيء إلى أجزاء وذلك كتأجيل دين بخمسمائة قرش إلى خمسة أسابيع على أن يدفع منه مائة قرش كل أسبوع.  فعلى ذلك يفهم بأن في كل تقسيط يوجد تأجيل وليس في كل تأجيل يوجد تقسيط . وأنه بناء على ذلك يوجد بين التأجيل والتقسيط عموم وخصوص مطلق والتقسيط هو المطلق الأخص منهما ."

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144212201048

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں