بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

قضا نمازوں کی ادائیگی کا طریقہ


سوال

قضا  نمازوں  کی مکمل تفصیل اور قضا  نمازوں کی نیت کا طریقہ ؟  کیا قضا نمازوں کے لیے  اقامت بھی کرنا لازم ہے یا نہیں؟ 

جواب

قضا نمازوں  کی ادائیگی کا بھی وہی طریقہ ہے  جو  ادا  (روزانہ  پانچ  وقتی)  نمازوں کا ہے،  یعنی جس طرح  روزانہ  پنج  وقتی نمازیں ادا کی جاتی ہیں اسی طرح قضا  نمازیں  بھی  ادا  کی  جائیں  گی،  البتہ  قضا  صرف فرائض  اور   واجب، یعنی وتر کی نمازوں کی ہے، سنت اور نوافل کی قضا  نہیں ہے۔

قضا نمازیں اگر معلوم و متعین ہیں تو انہیں ادا کرتے وقت متعین کرکے نیت کرنا ضروری ہے، مثلاً: فلاں دن کی فلاں وقت کی نماز پڑھ رہاہوں۔ اور اگر قضا نمازیں متعین نہیں ہیں، مثلاً: بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے معلوم نہیں کہ کس کس دن کی کون کون سی نماز قضا ہوئی ہے، تو ان قضا نمازوں کی نیت کا طریقہ یہ ہے کہ اس طرح نیت کی جائے کہ مثلاً  جتنی فجر کی نمازیں قضا  ہوئی ہیں ان میں سے پہلی فجر کی نماز ادا کر رہا ہوں ۔ یا مثلاً جتنی ظہر کی نمازیں قضا ہیں ان میں سے پہلی ظہر کی نماز ادا کر رہا ہوں، اسی طرح باقی قضا  نمازوں (عصر، مغرب، عشاء، وتر) کی نیت کرکے ادا کی جا سکتی ہیں،  اسی طرح یوں بھی نیت کی جاسکتی ہے کہ فوت  شدہ  نمازوں میں سے آخری فجر  (یا جو بھی نماز ہو  اس کا نام لیا جائے، مثلاً: آخری مغرب) کی نماز پڑھ رہا ہوں ۔

نیز  اگر کسی شخص کے ذمے  ایک سے زائد قضا نمازیں  ہیں اور وہ ایک ہی مجلس میں انہیں ادا کرنا چاہتاہے تو  پہلی نماز کے لیے اذان و اقامت دونوں کا کہنا مسنون ہے  اور  بقیہ میں اختیار ہے چاہے تو اذان و اقامت دونوں کہے یا صرف اقامت پر اکتفا کرے،   البتہ اگر یہ نمازیں  الگ الگ مجلس میں ادا کرے تو پھر ہر نماز کے لیے اذان و اقامت کہنا مسنون ہے، لہٰذا اس کا اہتمام کرنا چاہیے، تاہم یہ لازم نہیں ہے کہ اس کے بغیر نماز ادا نہیں ہوگی۔ 

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"و من فاتته صلاة في وقتها فقضاها أذن لها وأقام واحدًا كان أو جماعةً، هكذا في المحيط. وإن فاتته صلوات أذن للأولى وأقام وكان مخيرًا في الباقي إن شاء أذن وأقام وإن شاء اقتصر على الإقامة، كذا في الهداية. وإن أذن وأقام لكل صلاة فحسن ليكون القضاء على سنن الأداء، كذا في الكافي، وهكذا في شرح المبسوط للإمام السرخسي. والتخيير في البواقي إنما هو إذا قضاها في مجلس واحد، أما إذا قضاها في مجالس فيشترط كلاهما، هكذا في البحر الرائق. والضابطة عندنا أن كل فرض أداءً كان أو قضاءً يؤذن له ويقام، سواء أداه منفردًا أو بجماعة إلا الظهر يوم الجمعة في المصر، فإن أداءه بأذان وإقامة مكروه، كذا في التبيين."

(کتاب الصلاۃ، الباب الثاني في الأذان، الفصل الأول في صفة الأذان وأحوال المؤذن،ج: 1، صفحہ: 55، ط: دار الفکر) 

وفیہ ایضاً: 

"كل صلاة فاتت عن الوقت بعد وجوبها فيه يلزمه قضاؤها سواء ترك عمدا أو سهوا أو بسبب نوم وسواء كانت الفوائت كثيرة أو قليلة فلا قضاء على مجنون حالة جنونه لما فاته في حالة عقله كما لا قضاء عليه في حالة عقله لما فاته حالة جنونه ولا على مرتد ما فاته زمن ردته ولا على مسلم أسلم في دار الحرب ولم يصل مدة لجهله بوجوبها ولا على مغمى عليه ومريض عجز عن الإيماء ما فاته في تلك الحالة وزادت الفوائت على يوم وليلة ومن حكمه أن الفائتة تقضي على الصفة التي فاتت عنه لعذر وضرورة فيقضي مسافر في السفر ما فاته في الحضر من الفرض الرباعي أربعا والمقيم في الإقامة ما فاته في السفر منها ركعتين والقضاء فرض في الفرض وواجب في الواجب سنة في السنة ثم ليس للقضاء وقت معين بل جميع أوقات العمر وقت له إلا ثلاثة، وقت طلوع الشمس، ووقت الزوال، ووقت الغروب فإنه لا تجوز الصلاة في هذه الأوقات، كذا في البحر الرائق."

البحر الرائق شرح كنز الدقائق میں ہے:

"(قوله: ولم تقض إلا تبعًا) أي لم تقض سنة الفجر إلا إذا فاتت مع الفرض فتقضى تبعا للفرض سواء قضاها مع الجماعة أو وحده لأن الأصل في السنة أن لا تقضى لاختصاص القضاء بالواجب والحديث ورد في قضائها تبعا للفرض في غداة ليلة التعريس فبقي ما وراءه على الأصل."

(کتاب الصلاۃ، قضاء سنة الفجر، ج: 2، صفحہ: 80، ط: دار الكتاب الإسلامي)

فتاوی شامی میں ہے:

"(قوله: كثرت الفوائت إلخ) مثاله: لو فاته صلاة الخميس والجمعة والسبت فإذا قضاها لا بد من التعيين لأن فجر الخميس مثلا غير فجر الجمعة، فإن أراد تسهيل الأمر، يقول أول فجر مثلا، فإنه إذا صلاه يصير ما يليه أولا أو يقول آخر فجر، فإن ما قبله يصير آخرا، ولا يضره عكس الترتيب لسقوطه بكثرة الفوائت."

(کتاب الصلاۃ، باب قضاء الفوائت، ج: 2، صفحہ: 76، ط: ایچ، ایم، سعید)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144207200208

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں