بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قرض سے خلاصی کے لیے وظیفہ


سوال

 میں نے لوگوں سے پیسے لیے یہ کہہ کرلیے کہ منافع ہو گا،اس میں  سے آپ کو دوں گا،پھر میں مجبور تھا،ایک قرضہ اتارنے کے لیے دوسرے سے لیتا گیا،اب بہت تکلیف میں ہوں، پہلے تو منافع دیتا گیا سب خوش تھے،مگر ابھی نیت کی ہے کہ  سب کو پیسے واپس کر دوں، تو حالات خراب ہونےلگے،پیسےآنے بند ہو گئے ،پھر کسی سے رقم پکڑتا ہوں تو اس کو دیتا ہوں، پھر اس کے اترنے کےلیےکسی اور سے منافع دے کر رقم لیتا ہوں،اللہ کی قسم میں یہ کام چھوڑنا چاہتا ہوں ،کوئی ایسا بندہ نہیں ملتا جو کاروبار میں شرکت کر کے یہ پیسہ اتار دے،سب فکس رقم مانگتے ہیں ،میں کیا کروں؟کہاں جاؤں ؟کچھ سمجھ نہیں آرہا ،بہت زیادہ عبادت ریاضت کی، جس نے جو کہا وہ پڑھتا گیا ،تسبیح کی، راتوں کے نوافل پڑھے، غلطی کی معافی مانگی، کوئی ایسا بندہ نہیں ملا جو مجھے بتائے  کہ اللہ کیسے معاف کرے گا؟ ان سب کے قرضے دے کر کیسے فارغ ہو ں گا؟اللہ اور رسول کی  تعلیمات کی روشنی میں میری مدد کریں ،درباروں پر منتیں مانگیں، اللہ مجھے معاف کرے اور میری جان ان سے اٹھا لے، میں بہت پریشان ہوں ،اللہ کے واسطے میری مدد کے لیے کچھ بتائیں۔

جواب

سائل کے لیے جائز نہیں تھا،کہ وہ لوگوں سے کاروبار کے نام پر رقم لے کر اپنی ضرورت پوری کرتا،اور پھر لوگوں کو نفع دیتا،ایک کی رقم دینے کے لیےدوسرے سے کاروبار کے نام پر رقم لیتا اور اسے نفع دیتا،یہ سارا سودی لین دین تھا،سائل کو چاہیے کہ اس طرزِ عمل سے باز آئے اور ماضی میں جو کچھ ہوا ہے اس پر صدقِ دل سے استغفار کرےاور آئندہ کے لیےنہ کرنے کا عزم کرے،جن لوگوں کے رقمیں سائل کے پاس ہیں ان کی ادائیگی جلد از جلد کرنے کی کوشش کرے،سائل جن مالی مشکلات میں پھنسا ہوا ہے ان سے خلاصی کے لیےضروری ہے کہ کاروباری حکمتِ عملی کا از سرِ نو جائزہ لے،اسے شریعت کے مطابق ڈھالے،اخراجات اور آمدن میں توازن پیدا کرے،جھوٹ اور دھوکہ دہی سے بچے،اس کے ساتھ ساتھ گناہوں سے توبہ کرے،اور پانچ وقت نماز کا اہتمام کرے ،استغفار کی کثرت کرے،اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کرے:

"أَللّهمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ ."

اور جب بھی وضو کیا کریں دورانِ وضو درج ذیل دعا کا اہتمام کیا کریں:

"أللهُمَّ اغْفِرْلِيْ ذَنْبِيْ وَ وَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ وَ بَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ ."

 روزگار کے حصول کے لیے فجر کی نماز کے بعد اپنی جگہ پر بیٹھے بیٹھے طلوعِ  آفتاب سے قبل ستر مرتبہ سورۃ الشوری کی آیت نمبر   ۱۹ : 

"﴿اَللّٰهُ لَطِیْفٌ بِعِبَادِه یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ الْعَزِیْزَ﴾."

 کا ورد کریں اور پھر اشراق پڑھ کر اپنے مقصد کے لیے دعا کریں، نیز فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ سورۂ  واقعہ اور سورۂ طارق پڑھیں۔

مالی پریشانیوں سے اُ    کتا کر مزاروں وغیرہ پر جا کر منتیں ماننا یا بدعات و خرافات میں مبتلا ہونا اپنے آپ کومزید مصائب میں دھکیلنا اور عقیدہ کو خراب کرنا ہے،اس سے بچیں۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144411100098

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں