بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قرض کی رقم زکات کی نیت سے معاف کرنے سے زکات کی ادائیگی کا حکم


سوال

ایک دکان دار کو میں نے تین لاکھ کا مال دیا ہوا ہے، اس کے مالی حالات کمزور ہیں، اس کے ذمہ اور لوگوں کی رقم بھی واجب الاداء ہے، اگر میں اُس کو یہ رقم (تین لاکھ) زکات کی مد میں معاف کردوں تو کیا اس طرح میری زکات ادا ہو جائے گی؟

جواب

واضح رہے کہ زکات ادا ہونے کے لیے یہ ضروری ہے کہ  اسے کسی مستحقِ زکات شخص کو مالک بنا کردیا جائے اور زکات کی رقم مستحق کو ادا کرتے وقت یا زکات کی رقم اپنے مال سے الگ کرتے وقت اس میں زکات کی نیت کی جائے، لہذا اگر پہلے سے کسی پر قرضہ ہو اور قرض دیتے وقت زکات کی نیت نہ کی ہو، اور اب اسے زکات کی مد میں کاٹ لیا جائے تو یہ ابراء اور معاف کرنا ہے، زکات کی نیت سے رقم کا مالک بنانا نہیں ہے، اس لیے اس سے زکات ادا نہیں ہوگی۔

لہذا  صورتِ مسئولہ میں  مذکورہ شخص   جس کو آپ نے قرض پر تین لاکھ کا سامان دیا ہے، اگر وہ واقعۃً زکات  کا مستحق ہے تب بھی زکات کی مد میں یہ رقم معاف کر دینے سے آپ کی زکات ادا نہیں ہوگی،  زکات کی ادا ئیگی کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے آپ  اسے زکات  کی رقم  مالک  بنا کر دے دیں  اور  جب رقم اس کی ملکیت میں چلی جائے، تو اس سے اپنا قرضہ وصول کر لیں۔اس طرح آپ کی زکات بھی ادا ہو جائے گی اور  مقروض کا قرض بھی ادا ہوجائے گا۔

مزید تفصیل کے لیے مندرجہ ذیل لنک ملاحظہ فرمائیں:

قرض دی ہوئی رقم زکاۃ کی مد میں معاف کرنے سے کیا زکاۃ ادا ہوجائے گی؟

فتاویٰ ہندیہ میں ہے:

"أما تفسيرها فهي تمليك المال من فقير مسلم غير هاشمي، ولا مولاه بشرط قطع المنفعة عن المملك من كل وجه لله تعالى...وأما شرط أدائها فنية مقارنة للأداء أو لعزل ما وجب هكذا في الكنز فإذا نوى أن يؤدي الزكاة، ولم يعزل شيئا فجعل يتصدق شيئا فشيئا إلى آخر السنة، ولم تحضره النية لم يجز عن الزكاة كذا في التبيين."

(كتاب الزكاة، الباب الأول في تفسير الزكاة وصفتها وشرائطها، ج:1، ص:170، ط: رشيدية)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144411102540

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں