بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پب جی گیم کھیلنا


سوال

موجودہ وقت میں پب جی گیم میں کوئی غیر شرعی مواد نہیں ہے تو مجودہ حالات میں کھیلنا کیسا ہے؟  جن وجوہات کی وجہ سے اس حرام قرار دیا تھا اب وہ اس میں موجود نہیں ہیں؟ کیا اب وہ کھیلنا درست ہے یا اب بھی کھیلنا حرام ہے؟

جواب

پب جی (PUBG)  گیم  کو جن وجوہات کی وجہ سے ناجائز کہا گیا تھا اب بھی اس میں وہ مفاسد  موجود ہیں؛ لہٰذا پب جی کھیلنا  جائز نہیں ہے۔

 اس کے کھیلنے میں نہ کوئی دینی اور نہ ہی کوئی دنیوی فائدہ ہے، مثلاً جسمانی  ورزش وغیرہ، یہ محض لہو لعب اور وقت گزاری  کے لیے کھیلا جاتا ہے، جو لایعنی کام ہے، اور  اس کو کھیلنے والے عام طور پر اس قدر عادی ہوجاتے ہیں کہ پھر انہیں اس کا نشہ سا ہوجاتا ہے، اور ایسا انہماک ہوتا ہے کہ وہ کئی دینی بلکہ دنیوی امور سے بھی غافل ہوجاتے ہیں، شریعتِ مطہرہ ایسے لایعنی لہو لعب پر مشتمل کھیل کی اجازت نہیں دیتی، جب کہ اس میں مزید شرعی قباحت یہ بھی یہ جان دار کی تصاویر پر مشتمل ہوتا ہے، نیز  مشاہدہ یہ ہے کہ  جو لوگ اس گیم کو بار بار کھیلتے ہیں، ان کا ذہن منفی ہونے لگتا ہے اور گیم کی طرح وہ واقعی دنیا میں بھی ماردھاڑ وغیرہ کے کام سوچتے ہیں، جس کے بہت سے واقعات وقوع پذیر ہوئے ہیں؛  لہذا پب جی اور اس جیسے دیگر  گیم کھیلنا شرعاً جائز نہیں ہے۔

البتہ کچھ عرصہ پہلےاس گیم کے بنانے والوں نے اس کے sanhok نامی نقشے (map) میں ایک نیا موڈ mysterious jungle mode کے نام سے متعارف کرایا ہے جس میں انرجی حاصل کرنے کے لیے بتوں کے سامنے ہاتھ جوڑ کر سر جھکانا پڑتا ہے، جیساکہ ہندؤوں اور بعض دیگر مشرکین کے ہاں بت کی پوجا کا ایک طریقہ ہے، تاہم گیم میں ایسا کرنا لازم نہیں ہے، یعنی پلیئر انرجی حاصل کیے بغیر بھی گیم جاری رکھ سکتا ہے، اگرچہ اس کے بغیر اس کی کارکردگی متاثر ہونے کا قوی امکان ہوتا  ہے۔

ممکن ہے کسی زمانہ میں  اَپ ڈیٹ میں یہ  دوبارہ   شامل ہوجائے، اس لیے اب اس سارے تناظر میں مسئلہ کا حکم یہ ہے:

مطلقًا پب جی گیم کھیلنا  ناجائز ہے،  لیکن اس کو کھیلنے والا دائرہ اسلام سے خارج نہیں ہوتا،  خواہ اس نے  سانہاک نقشہ میں کھیلا ہو، اور اگر کسی نے سانہاک نقشے کے جنگل موڈ میں کھیلا ہو لیکن بتوں سے پاور حاصل  نہیں کی ہو  تب بھی وہ دائرہ اسلام سے خارج نہیں ہوا، البتہ اگر کسی نے عمدًا پاور حاصل کرنے کے  لیے پلئیر کو  بت کے سامنے جھکایا ہو  تو چوں کہ پلئیر درحقیقت  کھیلنے والے کا عکاس اور ترجمان  ہے، اور کھیلنے والا اس کو جس طرح  چلائے وہ اسی طرح چلتا ہے،  اپنے اختیار سے کچھ نہیں کرسکتا، اور کوئی ایسی خاص ضرورت بھی نہیں ہے کہ پلئیر کو بت کے سامنے جھکایا جائے، اور شریعت نے بعض ایسی چیزیں  جو کفر کی علامات اور خصائص ہیں ان کے کرنے پر مطلقًا کفر کا حکم دیا ہے  اگر چہ ان کا قصد وارادہ نہ ہو، جیسے بتوں کے سامنے سجدہ کرنا، قرآن مجید کو گندگی میں پھینکنا وغیرہ؛  اس  لیے  اس خاص  صورت میں تجدیدِ  ایمان اور تجدیدِ نکاح کا حکم دیا گیا ہے۔

 

نیز  مذکورہ  نقشے میں بتوں کے سامنے جھکنے کا طریقہ ایک خاص  مذہب کے لوگوں کی پوجا کا  طریقہ ہے اور گیم میں پلئیر جب بت کے سامنے جاتا ہے تو اس وقت انگریزی زبان میں وہاں جو الفاظ نمودار ہوتے ہیں  اس سے بھی یہ ظاہر ہوتا ہے وہ اس پلئیر کو تعظیم کرنے کا حکم دے رہا ہے اور پاور  ملنے کے بعد جو الفاظ ظاہر ہوتے ہیں وہ بھی شرکیہ ہیں، اس لیے ہر مسلمان کو اس قسم کی چیزوں سے بالکلیہ اجتناب کرنا لازم ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144209200206

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں