بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت یا حضورکہنا کیسا ہے؟


سوال

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت یا حضورکہنا کیسا ہے؟ دلیل کے ساتھ جواب مرحمت فرمائیں!

جواب

واضح رہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات و صفات کا اداب و احترام ہر مسلمان پر واجب ہے، یہاں تک کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا تذکرہ کرتے وقت بھی ادب کا ملحوظ ہونا ضروری ہے، اور اردو زبان میں ’’حضرت‘‘ یا ’’حضور‘‘ کے الفاظ تعظیم اور ادب کے لیے استعمال ہوتے ہیں، اس لیے اردو زبان میں ادب و احترام کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے یا نام کے شروع میں ’’حضور‘‘ یا ’’حضرت‘‘ کے الفاظ استعمال کرتے ہیں، اردو زبان میں اس کا معنی حاضر و ناظر ہونے کے لیے استعمال نہیں ہوتا، ورنہ "حضرت" عربی زبان میں مؤنث  کا صیغہ ہے  اور  مذکر کے  لیے  مؤنث کا صیغہ استعمال کرنا درست نہیں۔

قرآن کریم میں ہے:

"لَّا تَجْعَلُوْا دُعَآءَ ٱلرَّسُولِ بَيْنَكُمْ كَدُعَآءِ بَعْضِكُم بَعْضًا ." [سورة النور:63)

ترجمہ: ’’تم لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بلانے کو ایسا (معمولی بلانا) مت سمجھو جیسا تم میں سے ایک دوسرے کو بلا لیتا ہے۔‘‘ (از بیان اقرآن)

وفيه أيضاً:

"إِنَّآ أَرْسَلْنَـٰكَ شَـٰهِدًا وَمُبَشِّرًا وَنَذِيرًا (٨) لِّتُؤْمِنُوْا بِٱللّٰهِ وَرَسُولِهِ وَتُعَزِّرُوهُ وَتُوَقِّرُوهُ وَتُسَبِّحُوهُ بُكْرَةً وَأَصِيلًا (٩)." (سورة الفتح:8 - 9)

ترجمہ: ’’ہم نے آپ کو گواہی دینے والا اور بشارت دینے والا اور ڈرانے والا کرکے بھیجا ہے۔ تاکہ تم لوگ اللہ پر اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور اس (کے دین) کی مدد کرو اور اس کی تعظیم کرو اور صبح شام اس کی تسبیح میں لگے رہو۔‘‘ (از بیان القرآن)

تفسیر قرطبی میں ہے:

"(وتعزروه) أي تعظموه وتفخموه، قاله الحسن والكلبي. والتعزير: التعظيم والتوقير. وقال قتادة: تنصروه وتمنعوا منه. ومنه التعزير في الحد. لأنه مانع... (وتوقروه) أي تسودوه، قاله السدي. وقيل تعظموه. والتوقير: التعظيم والترزين أيضا. والهاء فيهما للنبي صلى الله عليه وسلم. وهنا وقف تام، ثم تبتدئ (وتسبحوه) أي تسبحوا الله (بكرة وأصيلا) أي عشيا."

(تفسير سورة الفتح، ج: 16، ص: 267، ط: دار الكتب المصرية)

"معجم المعاني الجامع "  میں ہے:

"الحَضْرَةُ : الحضور

    • الحَضْرَةُ: قُرْبُ الشيء
    • حضرةُ الرجل: فِناؤه، وهو مكان حضوره، ويعبَّر بها عن ذي المكانة تجوّزًا، ف أذِن حضرتُه بكذا
    • الحَضْرَةُ :المدينة
    • الحَضْرَةُ :عُدّة البناء من الآجُرّ والجِصّ وغيرهما
    • حضرةُ: لقب احترام وتشريف بمعنى: سيِّد ونحوه يُعَبَّر به عن ذي المكانة في المراسلات والمخاطبات حضرة الأستاذ/ الدُّكتور، جمع حَضَرات
    • شَاهَدَ الحَضْرَةَ بِالزَّاوِيَةِ : الجَذْبَةَ
    • حَضْرَةُ الدَّارِ : فِنَاؤُهَا، سَاحَتُهَا
    • حضرة :وليمة، طعام المأدبة."

فیروز اللغات میں ہے:

’’حضرت: ۱۔ قرب، نزدیکی، درگاہ۔ ۲۔ جناب، حضور، قبلہ، تعظیم و عزت کا لقب۔

حضور: ۱۔ موجود گی، حاضری، حاضر باشی۔ ۲۔ جناب، حضرت ، قبلہ، حکام کو اس لفظ سے مخاطب کرتے ہیں۔‘‘

(ص: 603، ط: فیروز سنز، پانچویں اشاعت: 2012)

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144402100223

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں