بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پریشانیوں کا حل


سوال

 میں تقریباً تین ساڑھے تین سال قبل شادی سے تین ماہ بعد اپنے شوہر ساس دیورانی چچی اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ عمرہ پر گئی تھی ساتھ میں اور بھی لوگ تھے جن میں ایک بیوہ عورت اور اس کی بیمار بچی بھی تھی میں اس وقت حاملہ تھی مدینہ اور مکہ میں ہمارا آپس میں جھگڑا بھی ہو جاتا تھا اور میں نہیں جانتی تھی اس وجہ سے مدینہ سے باہر جو لنگر بانٹا جاتا ہے وہ لینے سے منع کرتی تھی کہ ہم اپنی روٹی خرید سکتے ہیں تو یہ کیوں لیں کہ یہ تو صدقہ خیرات کا مال ہوتا ہے اس طرح اور بھی بہت سی غلطیاں ہوئی قرآن بھی مکمل نہیں کیا میں نے ادھر۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ میرے گھر میں سکون نہیں ہے شوھر سیدھے منہ بات نہیں کرتے ایک بیٹا ہے اس کے بعد اولاد نہیں ہو رہی خوفناک خواب آتے ہیں ایک دو ماہ بعد جھگڑا ہو جاتا ہے اور پھر دو ماہ میکے گزر جاتے ہیں پریشانی رہتی ہے اور جھگڑوں کی وجہ سے بات دو دفعہ طلاق تک بھی پہنچ گئی، بیٹا بھی پرشان رہتا ہے بچے کے رونے کی آوازیں آتی ہیں، قرآن بہت کوشش کے بعد پندرہ سپاروں کے بعد نہیں پڑھا جاتا،سمجھ نہیں آتا کہ کیا کروں ایک دو جگہ سے حساب بھی لگوایا کوئی کہتا ہے کسی نے جادو کروایا ہے کوئی کہتا ہے سر پر سختی ہے دل بےچین رہتا ہے کوئی حل بتا دیں کیا کروں بیٹا جب  گرتا ہے سر پر ہی چوٹ لگواتا ہے۔

جواب

واضح رہے کہ ہر تکلیف و آزمائش اور سہولت وخوشی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے،  اس لیے پریشانیوں اورمصائب کا حل رجوع الی اللہ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا، اللہ تعالیٰ کی طرف توبہ و استغفار کے ذریعے بھی متوجہ ہوں اور اپنے مسائل کا حل اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیجیے، گویا اللہ تعالیٰ کو اپنے مسائل کے حل کا وکیل بنادیجیے، اللہ تعالیٰ کبھی آپ کا سہارا نہیں چھوڑیں گے۔

بہر حال  اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرنے کی ضرورت ہے، جب آپ کا تعلق قائم ہوجائے گا اور آپ نیک اعمال کرکے اللہ کا قرب حاصل کرلیں گی  تو  مخلوق خود ہی آپ سے محبت کرنے لگ جائے گی،  لہذا  اپنے اعمال کا محاسبہ کیجیے، اگر نمازوں کی پابندی نہیں ہے تو پنج وقتہ نماز کا اہتمام کیجیے،  استغفارکی کثرت کریں،   نمازوں کے بعد دعائیں بھی کیجیے اور حسبِ توفیق صدقہ دیا کیجیے۔

نیز مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں ۔

’’حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ‘‘.

حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔

ابوداود شریف میں ہے:

"عن أم الدرداء، عن أبي الدرداء رضي الله عنه، قال: من قال إذا أصبح وإذا أمسى، ‌حسبي ‌الله لا إله إلا هو، عليه توكلت وهو رب العرش العظيم، سبع مرات، كفاه الله ما أهمه صادقا كان بها أو كاذبا."

(أبواب النوم،باب مايقول إذا أصبح ج:4،ص:321،ط:المكتبة العصرية)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144307100882

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں