بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پریشانی سے نکلنے کا راستہ


سوال

میں پچھلے تین سال سے بے روزگار ہوں میرے دو بچے ہیں بیوی سکول ٹیچر ہے۔میری بیوی میرا محدود ساتھ دیتی ہے۔اس بے روزگاری میں میرے والدین بہن بھائی  میری مدد کرتے ہیں۔میں نوکری کے لیے جہاں بھی اپلائی کرتا ہوں میرا کام نہیں ہوتا۔سفارشوں کے باوجود بھی کام نہیں بنتا۔جو بھی کام شروع کیا اسی میں ناکامی ملی ہے۔جسمانی تکالیف میں مبتلا رہتا ہوں، کبھی ٹانگیں درد  کرتی ہیں ،اور  داڑ میں بھی درد رہتا ہے،ہر وقت جسم پر بوجھ رہتا ہے حالانکہ کوئی بڑا مرض بھی نہیں ہے،نماز بھی پڑھتا ہوں اللہ سے رو رو کر دعائیں  مانگتا ہوں،جن والدین پر مجھے خرچ کرنا چاہیے تھا وہ مجھ پر خرچ کررہے ہیں،بھائی  کے ساتھ ایک کاروبار میں شراکت کی ،اسے چار لاکھ روپے دیے،پہلے تو وہ ٹھیکے داری میں مجھے خرچا دیتا رہا مگر اب نہیں دے رہا وہ کہتا ہے کام نہیں ہے،وہ چار لاکھ روپے بھی واپس ملتے مشکل لگ رہے ہیں،میں بھائی  سے کسی طرح کا جھگڑا کرنا نہیں چاہتا،کیوں کہ  میرے والدین پہلے بہت دکھی ہیں،خاندان اور معاشرے میں عزت نہیں رہی،میں پہلے اپنی اداسی کم کرنے قبرستان بہت جاتا تھا کچھ لوگ کہتے ہیں تم پر جنات کی طرف سے بندش ہے۔خدا کے واسطے  مجھے میرے مسائل کا حل بتائیں ؟ میں بہت مایوس ہوچکا ہوں۔

جواب

ہر تکلیف و آزمائش اور سہولت وخوشی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے،  اس لیے پریشانیوں اورمصائب کا حل رجوع الی اللہ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا، اللہ تعالیٰ کی طرف توبہ و استغفار کے ذریعے بھی متوجہ ہوں اور اپنے مسائل کا حل اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیجیے، گویا اللہ تعالیٰ کو اپنے مسائل کے حل کا وکیل بنادیجیے، اللہ تعالیٰ کبھی آپ کو بے سہارا نہیں چھوڑیں گے، نیز اس کے ساتھ شکر گزاری کی کیفیت پیدا کیجیے، بظاہر ہمیں محسوس ہوتاہے کہ ہمیں کوئی نعمت حاصل نہیں، اور ہر طرف سے ہم پریشانیوں میں گھرے ہوئے ہیں، جب کہ ہر آن و ہر لحظہ ہم اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں، اس لیے ظاہر میں پریشانی ہی کیوں نظر نہ آئے بندے کا کام ہر وقت مالک کا شکر ادا کرنا ہے، اللہ تعالیٰ ضرور اپنے انعامات میں اضافہ فرمائیں گے اور دنیاوی پریشانیاں بھی ان شاء اللہ حل ہوجائیں گی۔ 

بہر حال  زیادہ پریشان نہ ہوجائیں، اور  اللہ تعالیٰ سے کبھی بھی مایوس نہ ہوں، اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرنے کی ضرورت ہے، جب آپ کا تعلق قائم ہوجائے گا اور  آپ نیک اعمال کرکے اللہ کا قرب حاصل کرلیں گے تو اللہ کی ذات آپ کو کافی ہوجائے گی۔

درج ذیل دعاؤں کا اہتمام کیجیے:

1- سورہ واقعہ اور سورہ طارق فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ پڑھنےکا اہتمام کریں۔

2- استغفارکی کثرت کریں۔

3-  حسبِ توفیق صدقہ دیا کیجیے۔

4-   "دعاءِ کرب" جو  سخت کرب و پریشانی کے وقت  رسول اللہ ﷺ سے پڑھنا منقول ہے، اسے کثرت سے پڑھیں، دعاءِ کرب یہ ہے:

"لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ الْعَظِیْمُ الْحَلِیْمُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْکَرِیْمِ."

5-  مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں :

"حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ."

حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔ (سنن ابی داود)

6- اسی طرح اگر کوئی شخص کسی مصیبت یا پریشانی میں پڑگیا ہے اور کسی طرح وہ مصیبت دور ہی نہیں ہوتی تو اس کے لیے ایک مجرب عمل یہ ہے کہ:

 نماز فجر پڑھ کر قرآن کریم کی تلاوت اور  ذکر میں مشغول رہیے، یہاں تک کہ آفتاب بلند ہوجائے پھر دو رکعت نفل  اشراق پڑھ کر اس کے بعد سورہ توبہ کی آخری دو آیتیں گیارہ بار پڑھیے: 

"لقد جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّن اَنفُسِکُم عَزِیزٌ عَلَیه مَاعَنِتُّم حَرِیصٌ عَلَیکُم بِالمُومِنِینَ رَءوفٌ رَّحِیم o فَاِن تَوَلَّوا فَقُل حَسبِیَ اللّٰه لَآ اِله اِلَّا و عَلَیه تَوَکَّلتُ وَهو رَبُّ العَرشِ العَظِیمِ." 

 پھر سر بسجود ہو کر حق تعالیٰ سے امن و عافیت طلب کیجیے، ان شاء اللہ  چند روز میں آپ کی مصیبت،پریشانی دور ہوجائے گی اور دل کو اطمینان حاصل ہوگا، اور حاجت براری بھی نصیب ہوگیاور اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ تمام مسائل حل فرما دیں گے۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144403100054

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں