بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پریشانی سے نکلنے کا راستہ


سوال

میری عمر 24 سال ہے ،میں شادی شدہ ہوں ،ہم سب بہن بھائی ایک ساتھ رہتے ہیں ،شادی کے بعد ایک تو اولاد نہیں ہے ،دوسرا روزگار تو ہے لیکن آمدنی پوری نہیں ہوتی ،گھر میں ہمیشہ لڑائی ہوتی رہتی ہے، لوگ ہمیں کہ رہے ہیں کہ آپ کے اوپر جادو ہے، اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا ہے کہ گھر میں جیسے ہی داخل ہوتا ہوں تو طبیعت خراب ہونے لگتی ہے،چڑ چڑا پن  ہونے لگتا ہے، نماز میں بھی دل ادھر ادھر رہتا ہے نماز میں مزہ نہیں آتا ہے۔

براہِ کرم میری راہ نمائی فرمائیں۔

جواب

ہر تکلیف و آزمائش اور سہولت وخوشی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے،  اس لیے پریشانیوں اورمصائب کا حل رجوع الی اللہ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا، اللہ تعالیٰ کی طرف توبہ و استغفار کے ذریعے بھی متوجہ ہوں اور اپنے مسائل کا حل اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیجیے، گویا اللہ تعالیٰ کو اپنے مسائل کے حل کا وکیل بنادیجیے، اللہ تعالیٰ کبھی آپ کو بے سہارا نہیں چھوڑیں گے،نیز اس کے ساتھ شکر گزاری کی کیفیت پیدا کیجیے، بظاہر ہمیں محسوس ہوتاہے کہ ہمیں کوئی نعمت حاصل نہیں، اور ہر طرف سے ہم پریشانیوں میں گھرے ہوئے ہیں، جب کہ ہر آن و ہر لحظہ ہم اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں، اس لیے ظاہر میں پریشانی ہی کیوں نظر نہ آئے بندے کا کام ہر وقت مالک کا شکر ادا کرنا ہے، اللہ تعالیٰ ضرور اپنے انعامات میں اضافہ فرمائیں گے اور دنیاوی پریشانیاں بھی ان شاء اللہ حل ہوجائیں گی۔

اور گھر والوں سے اخلاق سے پیش آئیں ،اچھے اخلاق سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے، اچھے اَخلاق اَنبیاءِ کرام علیہم السلام اور نیک لوگوں کی صفات میں سے ہے۔ اچھے اخلاق رکھنے سے ایمان میں ترقی اور کمال بھی پیدا ہوتا ہے اور آخرت میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی خوشنودی  اور  ساتھ بھی نصیب ہوتا ہے۔اور گھر میں داخل ہوتے وقت سنت طریقے سے داخل ہونا چاہیے ،سنت طریقہ یہ ہے کہ دایاں پاؤں گھر میں رکھیں ،اور سلام کہیے ، درود شریف  اور سورۃ اخلاص پڑھیے۔

نیز جادو ،ودیگرمضراثرات سے محفوظ رہنے کے لیے ہر وقت ظاہری وباطنی طہارت ، قرآن مجید کی تلاوت، مسنون اذکار اوردعاؤں کا اہتمام رکھیں۔خصوصاً آیۃ الکرسی، سورہ فلق اور سورہ ناس صبح شام کم از کم تین تین مرتبہ پڑھنے کامعمول بنائیں، دن بھر کثرت سے پڑھیں تو مزید بہترہوگا،نیز مندرجہ ذیل دعا صبح شام تین تین مرتبہ پڑھاکریں:

"أَعُوذُ بِوَجْهِ اللَّهِ الْعَظِيمِ الَّذِي لَيْسَ شَيْءٌ أَعْظَمَ مِنْهُ ، وَبِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّاتِ الَّتِي لاَ يُجَاوِزُهُنَّ بَرٌّ وَلاَ فَاجِرٌ ، وَبِأَسْمَاءِ اللَّهِ الْحُسْنَى كُلِّهَا مَا عَلِمْتُ مِنْهَا وَمَا لَمْ أَعْلَمْ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَبَرَأَ وَذَرَأَ."

بہر حال  زیادہ پریشان نہ ہوجائیں، اور  اللہ تعالیٰ سے کبھی بھی مایوس نہ ہوں، اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرنے کی ضرورت ہے، جب آپ کا تعلق قائم ہوجائے گا اور  آپ نیک اعمال کرکے اللہ کا قرب حاصل کرلیں گے تو اللہ کی ذات آپ کو کافی ہوجائے گی۔

درج ذیل دعاؤں کا اہتمام کیجیے:

1- سورہ واقعہ اور سورہ طارق فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ پڑھنےکا اہتمام کریں۔

2- استغفارکی کثرت کریں۔

3-  حسبِ توفیق صدقہ دیا کیجیے۔

4-   "دعاءِ کرب" جو  سخت کرب و پریشانی کے وقت  رسول اللہ ﷺ سے پڑھنا منقول ہے، اسے کثرت سے پڑھیں، دعاءِ کرب یہ ہے:

"لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ الْعَظِیْمُ الْحَلِیْمُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْکَرِیْمِ."

5-  مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں :

"حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ."

حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔ (سنن ابی داود)

6- اسی طرح اگر کوئی شخص کسی مصیبت یا پریشانی میں پڑگیا ہے اور کسی طرح وہ مصیبت دور ہی نہیں ہوتی تو اس کے لیے ایک مجرب عمل یہ ہے کہ:

 نماز فجر پڑھ کر قرآن کریم کی تلاوت اور  ذکر میں مشغول رہیے، یہاں تک کہ آفتاب بلند ہوجائے پھر دو رکعت نفل  اشراق پڑھ کر اس کے بعد سورہ توبہ کی آخری دو آیتیں گیارہ بار پڑھیے: 

"لقد جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّن اَنفُسِکُم عَزِیزٌ عَلَیه مَاعَنِتُّم حَرِیصٌ عَلَیکُم بِالمُومِنِینَ رَءوفٌ رَّحِیم o فَاِن تَوَلَّوا فَقُل حَسبِیَ اللّٰه لَآ اِله اِلَّا و عَلَیه تَوَکَّلتُ وَهو رَبُّ العَرشِ العَظِیمِ." 

 پھر سر بسجود ہو کر حق تعالیٰ سے امن و عافیت طلب کیجیے، ان شاء اللہ  چند روز میں آپ کی مصیبت،پریشانی دور ہوجائے گی اور دل کو اطمینان حاصل ہوگا، اور حاجت براری بھی نصیب ہوگیاور اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ تمام مسائل حل فرما دیں گے۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144404102045

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں