بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پریشان حالی سے نجات کے لیے وظیفہ


سوال

میں بہت پریشان حال ہوں،  میں نے بہت سارے  کام سرانجام دیے اپنے مستقبل کے حوالے سے،  ليكن  ناكامی ہوئی، اب میں بہت بڑے قرض میں ڈوب گیا ہوں،  جب میں کام شروع کرتا تھا تو اللہ سے خیر مانگتا تھا اور ذکراذکار کرتا تھا،  صبح  کی نماز کے لیے اٹھتا اور پانچ وقت کی نماز ادا کرتا اور اللہ پاک سے میں نے بہت دعا کی اور ناکامی ہوئی،   اب آہستہ آہستہ میرا ایمان کم زور ہوتا جارہا ہے،  اللہ پاک مجھ پر رحم کرے! آپ مجھے اس کا کوئی حل بتائیں،  میں نے درود پاک پڑھا اور کلمات وغیرہ پڑھے، لیکن کچھ نہ ہوا ہوا،  میرے لیے دعا کریں اور اس کا حل بتائیں،  پتا نہیں یہ کون سی آزمائش ہے میرے لیے، آپ میرے لیے دعا بھی کریں اور اس کا حل بھی بتائیں! آپ کی نوازش ہوگی!  میں جو سوچ کے کرتا ہوں اس کا الٹا ہوتا ہے، پتا نہیں اس میں کیا حکمت ہے؟ آپ میری رہنمائی فرمائیں !

جواب

ہر تکلیف و آزمائش اور سہولت وخوشی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے،  اس لیے پریشانیوں اورمصائب کا حل رجوع الی اللہ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا، اللہ تعالیٰ کی طرف توبہ و استغفار کے ذریعے بھی متوجہ ہوں اور اپنے مسائل کا حل اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیجیے، گویا اللہ تعالیٰ کو اپنے مسائل کے حل کا وکیل بنادیجیے، اللہ تعالیٰ کبھی آپ کو بے سہارا نہیں چھوڑیں گے۔ نیز اس کے ساتھ شکر گزاری کی کیفیت پیدا کیجیے، بظاہر ہمیں محسوس ہوتاہے کہ ہمیں کوئی نعمت حاصل نہیں، اور ہر طرف سے ہم پریشانیوں میں گھرے ہوئے ہیں، جب کہ ہر آن و ہر لحظہ ہم اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں، اس لیے ظاہر میں پریشانی ہی کیوں نظر نہ آئے بندے کا کام ہر وقت مالک کا شکر ادا کرنا ہے، اللہ تعالیٰ ضرور اپنے انعامات میں اضافہ فرمائیں گے اور دنیاوی پریشانیاں بھی ان شاء اللہ حل ہوجائیں گی۔ 

بہر حال  ایمان کم زور نہ ہونے دیجیے، اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرنے کی ضرورت ہے، جب آپ کا تعلق قائم ہوجائے گا اور  آپ نیک اعمال کرکے اللہ کا قرب حاصل کرلیں گی  تو  مخلوق خود ہی آپ سے محبت کرنے لگ جائے گی،  لہذا  اپنے اعمال کا محاسبہ کیجیے، اگر نمازوں کی پابندی نہیں ہے تو پنج وقتہ نماز کا اہتمام کیجیے، اور    نمازوں کے بعد دعائیں بھی کیجیے،  بہت زیادہ وظائف نہ پڑھیے، اگر پڑھنا ہی ہے تو درج ذیل امور کا اہتمام کیجیے:

1- سورہ واقعہ اور سورہ طارق فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ پڑھنےکا اہتمام کریں۔

2- استغفارکی کثرت کریں۔

3-  حسبِ توفیق صدقہ دیا کیجیے۔

4-   "دعاءِ کرب" جو  سخت کرب و پریشانی کے وقت  رسول اللہ ﷺ سے پڑھنا منقول ہے، اسے کثرت سے پڑھیں، دعاءِ کرب یہ ہے:

’’لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ الْعَظِیْمُ الْحَلِیْمُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْکَرِیْمِ‘‘.

5-  مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں :

’’حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ‘‘.

حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔ (سنن ابی داود)

6- اسی طرح اگر کوئی شخص کسی مصیبت یا پریشانی میں پڑگیا ہے اور کسی طرح وہ مصیبت دور ہی نہیں ہوتی تو اس کے لیے ایک مجرب عمل یہ ہے کہ:

 نماز فجر پڑھ کر قرآن کریم کی تلاوت اور  ذکر میں مشغول رہیے، یہاں تک کہ آفتاب بلند ہوجائے پھر دو رکعت نفل  اشراق پڑھ کر اس کے بعد سورہ توبہ کی آخری دو آیتیں گیارہ بار پڑھیے: 

"لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّن اَنفُسِکُم عَزِیزٌ عَلَیه مَاعَنِتُّم حَرِیصٌ عَلَیکُم بِالمُومِنِینَ رَءوفٌ رَّحِیم o فَاِن تَوَلَّوا فَقُل حَسبِیَ اللّٰه لَآ اِله اِلَّا و عَلَیه تَوَکَّلتُ وَهو رَبُّ العَرشِ العَظِیمِ" 

 پھر سر بسجود ہو کر حق تعالیٰ سے امن و عافیت طلب کیجیے، ان شاء اللہ  چند روز میں آپ کی مصیبت،پریشانی دور ہوجائے گی اور دل کو اطمینان حاصل ہوگا، اور حاجت براری بھی نصیب ہوگیاور اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ تمام مسائل حل فرما دیں گے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144212200227

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں