بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پی پی ای کٹ پہنی ہو تو ڈاکٹر نماز کیسے پڑھے؟


سوال

ایک ڈاکٹر ، سارا دن" پی پی ای" پہن کر ڈیوٹی کرتا ہے، اسے ایک لمحے کے لیے بھی پی پی ای کھولنے کی اجازت نہیں ہے، اور پی پی ای کے ساتھ وضو اور تیمم کرنا ممکن نہیں ہے، اب وہ کیسے نماز ادا کرے گا؟

جواب

بصورتِ  مسئولہ نماز کی ادائیگی صحیح ہونے کے لیے کپڑوں اور جسم کا پاک ہونا  اور باوضو ہونا ضروری ہے، لہٰذا مذکورہ ڈاکٹر کے لیے نماز ادا کرنے سے پہلے وضو کرنا ضروری ہے،  وضو کے بغیر نماز نہیں ہوگی، مذکورہ  عذر کی وجہ سے نماز کا چھوڑنا شرعاً جائز نہیں۔

اگر مذکورہ ڈاکٹر کی ڈیوٹی محدود وقت (مثلاً: چھ  گھنٹے)  ہے اور اس وقت میں وہ وضو برقرار رکھ سکتا ہے تو وہ مذکورہ کٹ پہننے سے پہلے استنجا کرکے وضو کرلے، اس کے بعد کٹ پہن کر مریضوں کا علاج کرتا رہے، اس دوران اگر نماز کا وقت آجائے تو وہ نماز ادا کرلے۔

اور اگر ڈیوٹی کا دورانیہ طویل ہے، جس میں وضو برقرار رکھنا مشکل ہے تو اولاً انتظامیہ سے قضائے حاجت کی اجازت لے لے، اگر اجازت مل جاتی ہے تو قضائے حاجت کے وقت ہی وضو بنالے اور اس وضو سے نماز ادا کرلے۔

تاہم اگر ڈیوٹی کا دورانیہ بھی طویل ہو، اور اس دوران انتظامیہ قضائے حاجت کے لیے جانے کی اجازت بھی نہ دے، بلکہ مذکورہ کٹ پہننے سے پہلے ڈاکٹر کے لیے ڈائپر پہننا لازمی قرار دے (جیسے بعض ممالک میں ہورہاہے) اور  اسی میں قضائے حاجت کرنا پڑے، تو اس حالت میں چوں کہ جسم اور لباس میں نجاست موجود ہوگی اور وضو بھی نہیں ہوگا، لہٰذا ناپاکی کی حالت میں پڑھی گئی نماز ادا نہیں ہوگی۔

اس صورت میں اگر انتظامیہ قضائے حاجت کے لیے جانے اور پاکی حاصل کرنے کی درخواست منظور نہ کرے اور نماز کا وقت نکل رہاہو تو ’’تشبہ بالمصلین‘‘ (اس وقت کی نماز کے اعمال نمازیوں کی مشابہت کے طور پر) کرلے، اور جب ڈیوٹی ختم ہو، پاکی حاصل کرکے با وضو ہوکر نماز کی قضا کرلے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108201740

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں