بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

28 شوال 1445ھ 07 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

پلاٹ کی خرید و فروخت کی صورت میں رقم پر زکوۃ کا حکم


سوال

ایک صاحب نے پلاٹ بیچا، اس طرح کہ پلاٹ کی قیمت دس لاکھ ہے، خریدار نے دو لاکھ ابھی دے دیے، اور رفتہ رفتہ رقم باقی سالوں میں دی جائے گی اور جب رقم پوری دے دی جائے گی اس کے بعد پلاٹ پر مالک پلاٹ قبضہ دے گا، تو اس صورت میں اس پلاٹ کی قیمت پر (جو کہ پلاٹ کے مالک کے پاس ہے) اس کی زکوۃ دینی ہو گی؟ اور اسی طرح جو رقم خریدار پر باقی ہے جوکہ کئی سالوں میں مالک پلاٹ کو ملے گی اس کی زکوۃ بھی مالک پلاٹ پر ہے ؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر مذکورہ موقع پر سودا مکمل کر لیا ہو یعنی خرید و فروخت کر لی گئی ہو تو ایسی صورت میں جو رقم پلاٹ کے مالک نے وصول کر لی وہ اس کا مالک بن گیا ہے اور اس کی زکوۃ اس کے ذمہ لازم ہو گی، نیز آئندہ وصول ہونے والی رقم کی زکوۃ بھی اس کے ذمہ لازم ہو گی، البتہ   ہر سال ادائیگی کے حوالے سے اختیار ہوگا چاہے تو جب تک وصول نہ ہو  ہر سال حساب کر کے زکوۃ ادا کرتا رہے، یا  جب مکمل وصول ہوجائے تو ایک ساتھ  تمام سالوں  کی زکوۃ ادا کردے۔

اور اگر ابھی صرف خرید و فروخت کرنے کا وعدہ کیا ہو اور یہ بات ہوئی ہو کہ جب مکمل ادائیگی ہو جائے گی تو اس وقت خرید و فروخت کامعاملہ کریں گے تو ایسی صورت میں پلاٹ کے مالک کے پاس جو رقم آتی رہے گی اس کا حکم امانت کا ہو گا اور اس کی زکوۃ پلاٹ کے مالک پر لازم نہیں ہو گی، بلکہ اس رقم کی زکوۃ خریداری کا معاملہ کرنے تک خریدار پر لازم ہو گی۔

بدائع الصنائع میں  ہے:

"وجملة الكلام في الديون أنها على ثلاث مراتب في قول أبي حنيفة: دين قوي، ودين ضعيف، ودين وسط كذا قال عامة مشايخنا أما القوي فهو الذي وجب بدلا عن مال التجارة كثمن عرض التجارة من ثياب التجارة، وعبيد التجارة، أو غلة مال التجارة ولا خلاف في وجوب الزكاة فيه إلا أنه لا يخاطب بأداء شيء من زكاة ما مضى ما لم يقبض أربعين درهما، فكلما قبض أربعين درهما أدى درهما واحدا".

(كتاب الزكاة، فصل وأما الشرائط التي ترجع إلى المال، 10/2، ط: سعيد)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144403101205

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں